5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
وکی لیکس کوسفارتی دستاویزات بھی فراہم کی گئیں ہیں،امریکا کا انکشاف
جنگ نیوز -
ویب سائٹ مزیدخفیہ دستاویزات جاری نہ کرے،واشنگٹنکا پیغام
واشنگٹن. . . .. . ... امریکا نے انکشاف کیا ہے کہ افغان جنگ کی افشا ہونے والی بانوے ہزار فوجی دستاویزات کے علاوہ پاکستان اور افغانستان میں بھیجے گئے خفیہ سفارتی پیغامات بھی وِکی لِیکس ویب سائٹ کو مبینہ طور پر فراہم کردیے گئے ہیں۔ محکمہ خارجہ کے ترجمان فلپ کراؤلی نے واشنگٹن میں صحافیوں کو بریفنگ میں بتایا کہ افشا ہونے والے سفارتی مراسلات کی تعداد پانچ یا چھ ہوسکتی ہے۔ جس پر تشویش ہے۔ تاہم اس کی تصدیق نہیں کرسکتے۔ کراؤلی نے بتایا کہ صورت حال کے تجزیے پر مبنی محکمہ خارجہ کے مراسلات پاکستان اور افغانستان جیسے اہم ممالک میں مختلف ایجنسیوں کو بھجوائے جاتے ہیں۔ جن میں عسکری پتے پر بھیجی گئی خفیہ دستاویزات بھی شامل ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ایسے افراد جو دنیا بھر میں درپیش صورت حال کی معلومات کا ذریعہ بنتے ہیں۔ اور جن کی بنیاد پر پالیسی تشکیل دی جاتی ہے۔ اُن کی سیکیورٹی امریکی فوج کی طرح محکمہ خارجہ کیلئے بھی انتہائی اہم ہے۔ اگر اِن افراد کی شناخت ظاہر ہوگئی تو ناصرف امریکا معلومات کے اہم ترین ذرائع سے محروم ہوجائے گا بلکہ انسانی جانیں بھی خطرے میں پڑجائیں گی۔ کراؤلی نے بتایا کہ وکی لیکس کو پیغام بھجوادیا ہے کہ وہ مزید کسی خفیہ دستاویزات کو جاری نہ کرے۔ تاہم اب تک ویب سائٹ انتظامیہ کا کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔