5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
مچھلی کا تیل چھاتی کے سرطان کے لیے مفیدہے، تحقیق
جنگ نیوز -
سیاٹل…سی ایم ڈی…ایک مشاہداتی تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ مچھلی کے تیل کے سپلمنٹس استعمال کرنے والی خواتین میں چھاتی کے سرطان کا خطرہ ان خواتین سے کم ہوجاتا ہے جو ایسا نہیں کرتیں۔بعد از سن یاس کی 35ہزار خواتین پر کی جانے والی مطالعاتی تحقیق کے مطابق جو خواتین باقاعدگی سے مچھلی کا تیل استعمال کرتی ہیں ان میں چھاتی کے سرطان کا خدشہ ان خواتین کے مقابلے میں ایک تہائی حد تک کم ہوجاتا ہے جو مچھلی کے سپلمنٹس استعمال نہیں کرتیں۔Journal Cancer Epidemiology, Biomarkers & Prevention میں شائع ہونے والی اس تحقیق کی سربراہ سیاٹل میں Fred Hutchinson Cancer Research Centreکی سینئر محقق ڈاکٹر ایملی وائٹ(Dr Emily White)کا کہنا ہے کہ حیاتیاتی طور پر یہ بات قرین قیاس دکھائی دیتی ہے کہ مچھلی کے تیل کا استعمال چھاتی کے سرطان کی پیش رفت پر اثرات مرتب کرسکتا ہے کیونکہ مچھلی کے تیل میں دافع ورم اثرات پائے جاتے ہیں۔ ان کے مطابق جسم میں موجود ودیرینہ ورم کے بارے میں سمجھا جاتا ہے کہ یہ سرطان کے خلیات کی پیداوار اور ان کو مزید پھیلانے میں کردار ادا کرتا ہے لہٰذا مچھلی کے تیل اور چھاتی کے سرطان کے حوالے سے واضح شواہد موجود ہیں۔ واضح رہے کہ مچھلی کا تیل صحت مندفیٹی ایسڈ اومیگا تھری (Omega-3 Fatty Acids )کا منبع سمجھاجاتا ہے جو دل کی صحت کے لیے خاص طور پر مفید ہونے کے ساتھ ساتھ خون میں موجود مضر صحت چکنائی ٹرگلیسرائیڈز، ہائی بلڈ پریشر ، ہارٹ اٹیک اور اسٹروک کے دیگر خطرات کو بھی کم کرتا ہے۔