5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
کراچی: فائرنگ کے واقعات میں اے ایس آئی سمیت 5افراد ہلاک
جنگ نیوز -
کراچی…کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں پولیس اے ایس آئی اور خاتون سمیت5 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔پولیس کے مطابق لیاری بہار کالونی میں معمولی تلخ کلامی کے بعد دوگروہوں میں مسلح تصادم شروع ہوگیا جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا، جنھیں فوری طور پر سول اسپتال منتقل کیا گیا۔پولیس کے مطابق بلدیہ ٹاون نمبر4 میں نامعلوم افراد نے موٹر سائیکل سوار شخص پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے موٹر سائیکل سوار زخمی ہو گیا ۔جسے فوری طور پر عباسی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں پہنچ کر زخموں کی تاب نا لاتے ہوئے دم توڑ گیا ۔ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت30 سالہ خالد کے نام سے ہوئی ہے۔ترجمان عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے مطابق مقتول خالد عوامی نیشنل پارٹی بلدیہ ٹاؤن وارڈ کے صدر تھے،پولیس کے مطابق اورنگی ٹاؤن کے علاقے مومن آباد میں موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کردی،جس کے نتیجے میں پولیس اے ایس آئی45 سالہ ظہور جاں بحق ہوگیا،مقتول تھانہ مومن آباد میں تعینات تھااور پولیس حکام نے واقعے کو ٹارگٹ کلنگ قرار دیا ہے۔ شریف آباد کے علاقے سے ایک خاتون کی لاش برآمد،مقتولہ کو فائرنگ کرکے قتل کیاگیا ،ملیر میں وائرلیس گیٹ کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا،جس کی شناخت28 سالہ اعجاز کے نام سے ہوئی ہے۔