5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
نوشہرہ : سیلاب سے مزید11 افراد ہلاک، کوہستان میں عوام امداد کے منتظر
جنگ نیوز -
پشاور…کوہستان کی وادئ دبیر میں پھنسے دوسو غیر ملکیوں سمیت ہزاروں افراد آج تیسرے روز بھی حکومت کی امداد کے منتظر ہیں ۔ادھر نوشہرہ میں سیلاب سے مزید 11 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں ۔پہاڑوں پر موسلادھار بارش کے بعد آنیوالے سیلاب سے کوہستان کی وادئ دبیر میں ہزاروں لوگ محصور ہوکر رہ گئے ہیں ۔دو سو غیر ملکی بھی اپنے سکیورٹی عملے کے ساتھ بھوکے پیاسے اس علاقے میں موجود ہیں ۔ وادی دبیر، وادئ کندیا اور پٹن میں پھنسے ہزاروں افراد کو نکالنے کے لیے ابھی تک کوئی اقدام نہیں کیا گیا ۔ضلع نوشہرہ میں سیلاب سے نوشہرہ کلاں، نوشہرہ چھاؤنی، پیر سباق، پشتون گڑھی ،امان گڑھ اور پبی سمیت کئی علاقے متاثر ہوئے ہیں۔ڈی پی او نوشہرہ نثار تنولی کے مطابق سیلاب سے متاثرہ علاقے محب بانڈہ سے مزید چھ افراد کی لاشیں نکالی گئی ہیں ۔ادھر نوشہرہ کلاں میں ریسکیو آپریشن کے دوران کشتی الٹنے سے5افراد جاں بحق ہو گئے ۔سیلاب سے ڈیرہ اسماعیل خان کے کئی علاقے بھی زیر آب آگئے ہیں ، یہاں انتظامیہ اور فوج مشترکہ ریلیف آپریشن کررہی ہے ۔متاثرہ علاقوں میں پانچ ریلیف کیمپ قائم کیے گئے ہیں تاہم اب بھی بڑی تعداد میں متاثرین امداد کے منتظر ہیں ۔چارسدہ میں سیلاب کے پانی کی سطح بتدریج کم ہونے کے ساتھ امدادی کارروائیاں جاری ہیں ۔مہمند ایجنسی میں منڈا ہیڈ کے مقام پر سیلابی ریلے میں بہنے والی تین لاوارث لاشوں کو سول اسپتال شبقدر منتقل کردیا گیا ۔کرک کے علاقے تختی نصرتی میں سیلابی ریلے میں بہہ کر دو بچے جاں بحق ہو گئے ۔