5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
ممبئی حملہ کیس: ذکی الرحمان لکھوی کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ
جنگ نیوز -
راولپنڈی …انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے ممبئی حملہ کیس کے گرفتار ملزم ذکی الرحمان لکھوی کی ضمانت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے سماعت سات اگست تک ملتوی کر دی ہے۔ راول پنڈی کی خصوصی عدالت کے جج ملک اکرم اعوان نے ممبئی حملہ کیس میں گرفتار مبینہ مرکزی ملزم اور لشکر طیبہ کے سربراہ ذکی الرحمان لکھوی کی جانب سے ضمانت کی درخواست کی سماعت کی۔ وکیل صفائی خواجہ سلطان نے موقف اختیار کیا کہ ان کے موکل کو ڈیڑھ سال سے بغیر ٹرائل کے قید رکھا گیا ہے جس کے خلاف کوئی ثبوت بھی موجود نہیں۔سرکاری وکیل چوہدری ذوالفقار نے ضمانت کی درخواست مسترد کرنے کی استدعا کرتے ہوئے موقف اپنایا کہ ان کی طرف سے ٹرائل میں تاخیر نہیں کی گئی۔ تمام سرکاری گواہان نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ لشکر طیبہ نے ممبئی حملہ کیس میں ملوث افراد کی معاونت کی۔ عدالت نے درخواست ضمانت پر بحث مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا جو آئندہ سماعت پر سنائے جانے کا امکان ہے۔