5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
ماہ رمضان:اس بار چینی تین مختلف قیمتوں پر فروخت کی جائے گی
جنگ نیوز -
کراچی …ماہ رمضان میں اس بار عوام کو چینی تین مختلف قیمتوں پر فروخت کی جائے گی۔ملکی تاریخ میں پہلی بار ماہ رمضان کے مقدس مہینے میں حکومتی سطح پر چینی دو مختلف نرخوں پر فراہم کی جائے گی جبکہ تیسری قیمت وہ ہوگی جب عوام کودونوں جگہوں پر چینی میسر نہ ہوسکے تو وہ مارکیٹ کا رخ کریں گے جہاں اس کی قیمت70 روپے فی کلو یا پھراس سے بھی زائد ہوسکتی ہے۔یعنی اب عوام کو چینی کے حصول کے لیے تین اطراف میں جدوجہد کرنی ہو گی پہلی سستی چینی55 روپے کے حساب سے حاصل کرنے کے لیے گھنٹوں یوٹیلیٹی اسٹورز پر لائن لگانی پڑے گی پھر ناکامی کی صورت میں سستے بازاروں کا رخ کرنا ہوگا اور اگر وہاں بھی مایوسی ہوئی تو کوئی بات نہیں مارکیٹ میں تو چینی دستیاب ہوگی۔ملک میں رواں سال چینی طلب کے مقابلے میں12 لاکھ ٹن کم تیارہوئی تھی جس کے باعث حکومت نے اس کی قیمتوں میں استحکام کے لیے اسے درآمد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔