5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
کشمیر: دریاؤں کی سطح میں کمی ،وادی نیلم میں سیکڑوں سیاح پھنس گئے
جنگ نیوز -
مظفرآباد…کشمیر سے پاکستان آنیوالے دریاؤں میں پانی کی سطح کم ہورہی ہے ، تاہم وادی نیلم میں اب بھی سیکڑوں سیاح پھنسے ہوئے ہیں اور گلگت بلتستان کے آٹھ اضلاع کا ملک کے دیگر حصوں سے رابطہ منقطع ہے۔مظفر آباد میں ڈومل کے مقام پر دریائے نیلم اور جہلم میں نچلے درجے کا سیلاب ہے۔تاحال وادی نیلم میں پھنسے سیکڑوں سیاحوں کو نکالنے کا بندوبست نہیں کیا جا سکا ہے۔ پاک فوج کے کمانڈروں نے متاثرین سیلاب میں امدادی سامان تقسیم کیا ۔وادی نیلم میں کبل کے مقام پر لینڈ سلائڈنگ سے ایک کلومیٹر لمبی جھیل بن گئی ہے ۔ادھر میرپور آزاد کشمیر میں دو روز سے جاری بارشیں رکنے سے منگلا ڈیم میں پانی کی سطح بتدریج کم ہو رہی ہے ۔اس وقت منگلا ڈیم میں پانی کا لیول1206.60 فٹ ، ڈیم سے پانی کا اخراج ایک لاکھ ستر ہزار کیوسک اور منگلا ڈیم میں پانی کی آمد ایک لاکھ پچاس ہزار کیوسک ہے۔دریائے گلگت میں تین روز سے جاری سیلابی صورتحال میں بتدریج کمی ہورہی ہے تاہم گلگت کے نشیبی علاقوں میں اب بھی پانی کھڑا ہے۔گلگت بلتستان کے تمام آٹھ اضلا ع کا ملک کے دیگر حصوں سے رابطہ منقطع ہے ۔بارگو بالا اور بارگو پائی کے قصبوں میں رابطہ پل بہنے سے چھ ہزار افراد آج چوتھے روز بھی محصور ہیں ۔بڈالس کا واحد رابطہ پل کے ٹوٹنے سے یہاں بھی تین ہزار افراد محصورہوگئے ہیں ۔گلگت بلتستان میں سیلاب سے اب تک9 افراد ہلاک ہوئے ہیں ۔