5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
صدر زرداری کا برمنگھم میں جلسہ تاریخی اہمیت کا حامل ہوگا،عمر میمن
جنگ نیوز -
لندن . . . . . . . . پی پی پی لیبر ونگ برطانیہ کے چےئرمین اورپی پی پی اُردُو ویب کے چیف آرگنائزر عمر میمن نے کہاہے کہ صدر آصف علی زرداری کا 7 اگست کو برمنگھم میں منعقد ہونے والا جلسہ تاریخی اہمیت کا حامل ہو گا اور اس میں نہ صرف برطانیہ بلکہ یورپ اور گرد و نواح کے دیگر ممالک میں مقیم پاکستانی اور کشمیری برادری بھی بھرپور انداز میں شرکت کرے گی۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے اپنی قیام گاہ پر صدر مملکت کے جلسے کے انتظامات کے سلسلے میں بلائے گئے خصوصی اجلاس سے خطاب کے دوران کیا ۔اجلاس سے ڈپٹی چےئرمین حفیظ الدین شیخ،جنرل سیکرٹری اکرم شاہداد اور رابطہ سیکرٹری خواجہ عبدالغنی نے بھی خطاب کیا۔ اجلاس کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کے بعد اسلام آباد طیارے کے حادثے اور ملک میں جاری حالیہ تباہ کن سیلاب میں جاں بحق ہونے والے افراد کی روح کے ایصال ثواب کے لئے دعا کی گئی۔ اجلاس میں صدر کے جلسے کے انتظامات کے حوالے سے مختلف کمیٹیاں تشکیل دی گئیں۔مقررین نے کہا کہ جلسہ میں صرف پیپلز پارٹی کے کارکن ہی نہیں بلکہ پوری پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی کے لوگ بھی آگے آئیں گے، خاص طورپر خواتین اس جلسے میں بڑی تعداد میں شریک ہوں گی ۔شرکا نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ وہ چےئرمین بلاول بھٹو زرداری اورشریک چےئرمین و صدر مملکت جناب آصف علی زرادر ی کی قیادت میں ملک کو خوشحالی کی جانب لے کر جائیں گے۔اجلاس میں جن دیگر عہدیداران اور کارکنان نے شرکت کی ان میں پی پی لیبر ونگ کے ڈپٹی چےئرمین حفیظ شیخ، جنرل سیکرٹری اکرم شاہ داد اور رابطہ سیکرٹری خواجہ عبد الغنی کے علاوہ آفتاب بلوچ، مہروزچانگ، زین العابدین، ریکارڈ سیکرٹری شاد غلام علی،غفار بنگلزئی،نور الدین پالاڑی،عالمگیر بٹ،چوہدری وسیم،منیر بھائی،کامران میمن اوررفیق میمن شامل تھے۔