5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
سیلاب اور بارشوں کیسبب سبزیوں، پھلوں کی فصل اور رسد بھی متاثر
جنگ نیوز -
کراچی . . . . . ملک میں سیلاب اور بارشوں کے باعث سبزیوں اور پھلوں کی فصل متاثر ہونے کے ساتھ ان کی رسد بھی متاثر ہوئی ہے۔ایگری فورم پنجاب کے صدر ابراہیم مغل نے جیو نیوز کو بتایا کہ بارشوں اور سیلاب کے باعث50 ہزار ایکڑ پر موجود کپاس کی فصل جبکہ3 لاکھ ایکٹر پر پھیلی ہوئی سبزی کی فصل جس میں پیاز آلو بھی شامل ہے،شدید متاثر ہوئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بارشوں کے باعث پنجاب میں پھل و سبزیوں کی رسد10 سے15 فیصد متاثر ہوئی ہے جس کے باعث ان کی قیمتوں میں اوسط دو سے چار روپے فی کلو اضافہ دیکھا گیا ہے ۔خیبر پختونخوا میں بھی سیلاب کے باعث گنے اور مکئی کی فصل متاثر ہوئی ہے جبکہ ٹماٹر ، بھنڈی اور کدو کی فصل بھی تباہ ہوگئی ہے،20 سے25 روپے فی کلو ملنے والا ٹماٹر80 سے100 روپے فی کلو کے حساب سے مل رہا ہے۔سندھ آباد گار بورڈ کے نائب چیئرمین گدا حسین مہیسر نے جیو نیوز کو بتایا کہ اس وقت سندھ کے لیے سیلابی ریلے کاگزرنا خطرہ ہے جبکہ پہلے پانی کی کمی کی وجہ سے چاول کاشت نہیں کیا جاسکا اور اب پانی کی زیادتی باعث چاول کی بوائی نہیں ہوپارہی ہے جس کے باعث چاول کی فصل50 فیصد تک متاثر ہونے کی توقع ہے اس کے علاوہ گنا بھی زائد بارش کی وجہ سے پانی میں ڈوبا ہوا ہے جبکہ بھنڈی اور کریلے کی فصل متاثر ہوئی ہے ۔صوبہ بلوچستان میں بارشوں کے باعث ژوب، سبی اور نصیر آباد ڈویژن متاثر ہوئے ہیں، ان علاقوں میں پھلوں کے باغات اور گندم اور چاول کی فصل بھی متاثر ہوئی ہے اور رسد میں مشکلات کے باعث کوہلو اور بارخان کے علاقوں میں اشیا خوردونوش کی قیمتوں میں5 سے10 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔