5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
برطانوی وزیراعظم کے بیانات سے تعلقات متاثرہ ہوسکتے ہیں، کائرہ
جنگ نیوز -
لندن…وفاقی وزیر اطلاعات قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ اگر برطانوی وزیر اعظم نے دہشت گردی کے مسئلے پر پاکستان کے خلاف بیانات کا سلسلہ جاری رکھا تو دونوں ملکوں کے تعلقات متاثر ہوسکتے ہیں ۔ لندن میں پیپلز پارٹی کی جانب سے استقبالیہ تقریب اور پاکستانی ہائی کمیشن میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت میں برطانوی وزیر اعظم کے بیان سے پاکستان کو دھچکا لگا ہے ۔ صدر آصف زرداری دورہ برطانیہ میں یہ معاملہ برطانوی قیادت کے سامنے پرزور طریقے سے اٹھائیں گے ۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ برطانوی حکومت کی جانب سے اس قسم کے بیانات کا تسلسل دونوں ملکوں کے درمیان مضبوط تاریخی تعلقات میں شگاف ڈال سکتا ہے ۔ لیکن امید ہے کہ ایسا دوبارہ نہیں ہوگا ۔ قمر زمان کا ئرہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی انٹیلی جینس ایجنسی حکومت کی پالیسی پر سختی سے عمل کررہی ہے اور حکومت کی پالیسی بالکل واضح ہے ۔ پاکستان ایک پرامن افغانستان چاہتا ہے اور اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ افغانستان میں امن کے بغیر پاکستان میں امن نہیں ہوسکتا ۔