5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
صدر دورہ برطانیہ منسوخ کریں، لیاقت بلوچ کاعافیہ صدیقی رہائی واک سے خطاب
جنگ نیوز -
کراچی…جماعت اسلامی کے مرکزی جنرل سیکریٹری لیاقت بلوچ کا کہنا ہے کہ برطانوی وزیر اعظم کے حالیہ بیانات کے پیش نظر صدر آصف علی زرداری اپنا دورہ برطانیہ منسوخ کر دیں۔یہ بات انھوں نے کراچی میں ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے لئے منعقدہ آزادی واک کے موقع پر کیا۔ واک کا آغاز سفاری پارک سے ہوا جو نیپا چورنگی پر اختتام پذیر ہوئی۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ حکومت، وزیر خارجہ اور امریکا میں پاکستانی سفیر نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی میں غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ کی بازیابی کے لئے ملک کے چپے چپے سے آواز اٹھاتے رہیں گے۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ امریکا دنیا کا سب سے بڑا دہشت گرد ہے جو انتہا پسندی کو جنم دے رہا ہے۔ واک میں ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی بہن ڈاکٹر فوذیہ صدیقی، بیٹے محمد احمد، امیر جماعت اسلامی کراچی محمد حسین محنتی سمیت بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ واک کے اختتام پر ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے لئے احتجاجی بینر پر دستخطی مہم کا بھی اغاز کیا گیا۔