5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
جمیل خانزادہ کا قتل امن سبوتاژ کرنے کی کوشش ہے،رابطہ کمیٹی
جنگ نیوز -
کراچی…متحد ہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے مسلح دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں ایم کیو ایم شاہ فیصل یونٹ 107کے کارکن اور سابق حق پرست کونسل جمیل خانزادہ کی شہاد ت پر شدید الفا ظ میں مذمت کی ہے اور اس واقعہ کو شہر کے پر امن ماحول کو سبوتاژ کرنے کے مترادف قر ار دیا ہے ۔ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہا کہ اتوار کی شام جمیل خانزادہ ولد طفیل خانزادہ عظیم پورا قبر ستان میں اپنے والدین کی قبر و ں پر فاتحہ خوانی کر رہے تھے کہ مسلح دہشت گر دوں نے ان پر اندھا دھند فائر نگ کر دی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگئے انہیں فوری طور پر اسپتال لیجایا گیا جہاں وہ زخمو ں کی تا ب نہ لاتے ہوئے اپنے خالق حقیقی سے جاملے ۔رابطہ کمیٹی نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ شہر میں دہشت گردوں کو قتل و غارتگری کرنے کا کھلا لائنس دے دیا گیا۔ گزشتہ دنوں بھی دہشت گردو ں نے ایم کیو ایم گلستان جوہر سیکٹر یونٹ آفس پر فائرنگ کرکے ایک کارکن کو شہید کردیا تھا ۔جس کی وجہ سے دہشت گر د نہ صر ف آزاد بلکہ وہ ایم کیوایم کے بے گنا ہ کارکنان کو قتل کر رہے ہیں اورجمیل خانزادہ کا قتل بھی اسی سازش کی کڑی ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے وزیر اعلیٰ سندھ سیدقائم علی شاہ ،گورنر سندھ عشرت العباد اور وزیر داخلہ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا سے مطالبہ کیا کہ وہ جمیل خانزادہ کے قتل کے واقعہ کا فوری نوٹس لیں اور واقعہ میں ملوث عناصر کو فی الفور گرفتار کر کے قانون کے مطابق سخت سے سخت سزا دی جائے ۔ انہوں نے جمیل خانزادہ شہید کے سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہید کو اپنی جوار رحمت میں جگہ دے اور سوگوارن کو یہ صدمہ بر داشت کرنے کا حوصلہ دے ۔ (آمین )