5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
پاکستان کیساتھ مل کر شدت پسندوں کیخلاف کارروائی جا ری ہے،گیٹس
جنگ نیوز -
واشنگٹن…امریکی وزیر دفاع رابرٹ گیٹس کا کہنا ہے کہ پاکستان، امریکا کے ساتھ زیادہ سے زیادہ تعاون کررہا ہے اور شدت پسندوں کے خلاف پرزور انداز میں کارروائی کررہا ہے۔امریکی ٹی وی کے پروگرام میں معروف صحافی کرسٹین امن پور کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے گیٹس نے کہا کہ انہیں آئی ایس آئی اور طالبان کے درمیان روابط کے الزامات پر تشویش ہے۔ تاہم انہوں نے تسلیم کیا کہ روس،افغان جنگ کے بعد امریکا کے خطے سے نکل جانے کے باعث پاکستان اس مرتبہ بھی خدشات کا شکار ہے۔ امریکی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ پاکستان نے جنوبی وزیرستان اور سوات میں ثابت کیا ہے کہ وہ شدت پسندی کا خاتمہ چاہتا ہے۔ انہوں نے ان اطلاعات کو مسترد کردیا کہ طالبان کے پاس طیارہ شکن اسٹرنگر میزائل موجود ہیں۔