5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
سوات ،شانگلہ:سیلاب میں ہزاروں افراد محصور، خوراک و ادویات کی قلت
جنگ نیوز -
سوات… سوات اور شانگلہ میں سیلابی ریلوں اور طوفانی بارشوں کے بعد مختلف علاقوں میں اب بھی ہزاروں افراد پھنسے ہوئے ہیں جبکہ متعدد علاقوں میں اشیائے خوردونوش اور ادویات کی کمی کے باعث لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ پاک فوج کی جانب سے آج بھی ضلع سوات اور شانگلہ کے علاقوں میں ریلیف آپریشن جاری ہے اور متاثرہ علاقوں میں اشیائے خوردونوش اور ادویات پہنچائی جا رہی ہیں۔کالام بحرین اور مدین کے تمام رابطہ پل تباہ ہوچکے ہیں جس کے باعث ہزاروں افراد ان علاقوں میں محصور ہوگئے ہیں جنہیں نکالنے کیلئے حکومت کی جانب سے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے ہیں۔ سیلاب سے مکانات تباہ ہونے کے بعد مقامی افرادکھلے آسمان تلے زندگی بسر کررہے ہیں جبکہ حکومت کی جانب سے متاثرین کیلئے تاحال کوئی ریلیف کیمپ بھی قائم نہیں کیاگیاہے۔