5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
عالمی برادری کا سیلاب زدگان کے لیے بڑے پیمانے پر امداد کا اعلان
جنگ نیوز -
سڈنی/بیجنگ /اقوام متحدہ/ واشگٹن…فارن ڈیسک…پاکستان کے حالیہ سیلاب زدگان کے لیے عالمی برادری نے بڑے پیمانے پر امداد دینے کا اعلان کیا ہے جس کے تحت آسٹریلیا پچاس لاکھ ڈالر،اقوام متحدہ ایک کروڑ ڈالر،امریکا ایک کروڑ ڈالر اور چین ایک کروڑ یو آن دے گا جب کہ نیوزی لینڈ نے بھی سیلاب زدگان کے لیے امداد کا اعلان کیا ہے۔آسٹریلیا کے اخبار’ سڈنی ٹائمزکے مطابق آسٹریلیا نے پاکستان کے سیلاب زدگان کے لیے50لاکھ ڈالر امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔ آسٹریلیا کی حکومت نے پاکستان میںآ ٹھ دہائیوں کے سب سے بدترین سیلاب سے متاثرہ افراد کی مدد کے لیے پانچ ملین ڈالر کی امداد کا اعلان کیا ہے۔امریکی نشریاتی ادارے نے ایدھی کے ذرائع سے بتایا کہ پاکستان میں سیلاب سے مرنے والوں کی تعداد تین ہزار سے متجاوز ہو گئی ہے۔امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن نے ایک کروڑ ڈالر کی امداد دینے کا وعدہ کیا ہے۔اقوام متحدہ نے35ہزار متاثرہ خاندانوں کو غذاکی فراہمی شروع کردی ہے۔نیوزی لینڈ کے اخبار’نیوزی لینڈ ہیرالڈ‘ کے مطابق امدادی تنظیم اکسوفام نے پاکستان میں امدادی کام شروع کردیا ہے اور نیوزی لینڈ کی عوام سے پاکستان کے سیلاب زدگان کے لیے امداد کی اپیل کی ہے۔اکسوفام آئندہ تین ماہ تک پاکستان کے 13متاثرہ اضلاع کے30ہزار خاندانوں کی کفالت کرے گی۔چینی اخبار نے خبر رساں ادارے کے حوالے سے بتایا کہ چین کی حکومت ایک کروڑ یوآن (1.48ملین امریکی ڈالر) سیلاب زدگان کو دے گی۔