5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
برطانوی ہائی کمشنر کی دفتر خارجہ طلبی، کیمرون پاکستان مخالف بیان پر قائم
جنگ نیوز -
اسلام آباد…حکومت پاکستان کی جانب سے برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون کے پاکستان مخالف بیان پر برطانوی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کرکے احتجاج کیا گیا اور برطانوی وزیراعظم کے بیان پر وضاحت طلب کی گئی۔ دوسری جانب برطانوی اخبار کا کہنا ہے کہ ڈیوڈ کیمرون نے پاکستان سے متعلق اپنا بیان واپس لیں گے نہ ہی معافی مانگیں گے۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق برطانوی ہائی کمشنرایڈم تھامسن کو آج صبح دفترخارجہ طلب کیا گیا تھا ، جہاں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ان سے ملاقات کی اوراحتجاجی مراسلہ ان کے حوالے کیا،جس میں برطانوی وزیراعظم کے بیان پر وضاحت طلب کی گئی ہے۔ وزارت خارجہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات کی تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔ برطانوی ہائی کمیشن کے ترجمان کے مطابق یہ ملاقات پاکستانی وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کی درخواست کی گئی ،جس میں وہ پاکستان سے برطانوی وزیراعظم کے بیان پربات چیت کرنا چاہتے تھے۔ واضح رہے کہ گذشتہ ہفتے دورہ بھارت کے موقع پر برطانوی وزیراعظم نے پاکستان پر دہشت گردی کی حمایت اور اس حوالے سے دہرا رویہ اختیار کرنے کا الزام لگایا تھا۔ دوسری جانب برطانوی اخبار کے مطابق برطانوی وزیراعظم کاپاکستان سے متعلق بیان واپس لینے سے انکارکردیا ہے ۔ برطانوی حکام کے مطابق ڈیوڈ کیمرون اپنے بیان پر قائم ہیں،اور وہ اپنے بیان پر معافی نہیں مانگیں گے۔