5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
رضا حیدر کی نماز جنازہ:سکیورٹی پلان تیار کرلیا گیا
جنگ نیوز -
کراچی …متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما رضا حیدر کی نماز جنازہ کے موقع پر کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کیلئے سیکیورٹی پلان تیار کرلیا گیا ہے پولیس اور رینجرز کے اہلکار متحدہ کے کارکنوں کے ساتھ مل کر جناح گراؤنڈ ، جنازے کے جلوس کے راستے اور قبرستان کی سکیورٹی کریں گے۔کراچی پولیس چیف وسیم احمد نے جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے فول پروف سکیورٹی پلان تیار کیا ہے ۔ مجھ سمیت پولیس کے اعلیٰ حکام نے نائن زیرو پر متحدہ قومی موومنٹ کی قیادت سے ملاقات کی ہے اور جناح گراؤنڈ کا دورہ کیا ہے وسیم احمد کے مطابق جناح گراؤنڈ کے داخلی راستوں پر10 واک تھرو گیٹس لگائے جارہے ہیں جبکہ وی آئی پیز کے الگ راستہ ہوگا۔ جنازے کے جلوس کے آغاز اور اختتام پر دو ایس ایس پی رینک کے افسران ہوں گے ۔ راستے کی تمام بلند عمارتوں پر پولیس اور رینجرز کے اہلکار تعینات کیے جائیں گے جلوس کے راستے کی تمام گلیوں کو ابھی سے بند کردیا گیا ہے اور جنازے کے جلوس کے موقع پر متحدہ قومی موومنٹ کے رضاکار ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر دونوں اطراف میں کھڑے ہوں گے تاکہ کوئی شخص راستے سے جلوس میں شامل نہ ہوسکے جناح گراؤنڈ، جلوس کے راستے اور شہدا قبرستان میں کیمرے بھی نصب کیے گئے ہیں جبکہ فضائی نگرانی بھی کی جاتی رہے گی۔