5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
برطانیہ:سعیدہ وارثی نے مسلمان خواتین کے برقعے پہننے کی حمایت کردی
جنگ نیوز -
لندن…سی ایم ڈی…برطانیہ کی برسرِ اقتدار پارٹی اور وزیرِ اعظم ڈیوڈ کیمرون کی جماعت کی سربراہ بیرونس سعیدہ وارثی نے اپنے حالیہ بیان میں مسلمان خواتین کے برقعے پہننے کی حمایت کردی ہے۔بیرونس وارثی کے مطابق برقع پہننے سے مسلمان خواتین کے روزمرہ معمولات میں کوئی رکاوٹ حائل نہیں ہوتی اور زیادہ تر خواتین اپنی ذاتی خواہش کے تحت برقع پہننے کو ترجیح دیتی ہیں۔پچھلے سال برطانیہ کی طاقتور ترین مسلمان خاتون کا اعزاز حاصل کرنے والی سعیدہ وارثی برطانوی کابینہ میں منتخب ہونے والی پہلی مسلمان خاتون ہیں جو بعدِ ازاں ترقی کی منزلیں طے کرتی ہوئی اب پارٹی سربراہ کے عہدے پرفائز ہوچکی ہیں۔بیرونس وارثی کے بیان سے ناصرف مسلمان خواتین کے برقع پہننے کے حق میں حمایت کا عنصر سامنے آتا ہے بلکہ گذشتہ دنوں برطانیہ کی اتحادی حکومت کی جانب سے ایسے بیانات سے بھی اتفاق ظاہر کرتا ہے جس میں برقعے پر پابندی کو برطانوی روایات کے خلاف گردانا جارہا تھا۔بیرونس وارثی کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ ایسی مسلمان خواتین بھی موجود ہیں جو برقع پہننے کے ساتھ ساتھ بیحد کامیاب بزنس چلارہی ہیں جس مین انٹرنیٹ بزنس بھی شامل ہیں جہاں انہیں اپنے کسٹمرز کے سامنے دوبدو ظاہر بھی نہیں ہونا پڑتا ہے۔لیڈی وارثی کا تازہ ترین بیان برطانیہ کی اتحادی حکومت کی جانب سے برقعے پر ہونے والے مباحثے کو اختتام تک پہچانے کی جانب ایک مثبت قدم ہے۔