5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
ہیروشیما کے میئر نے جاپان امریکا نیوکلیئر چھتری کی مخالفت کر دی
جنگ نیوز -
ٹوکیو…نمائندہ جنگ…جاپان کے ایٹم بم حملوں کے شکار شہر ہیروشیما کے میئر نے ایٹم بم حملوں کے 65برس مکمل ہونے سے صرف چند دن قبل اپنے بیان میں حکومت جاپان سے مطالبہ کیا ہے کہ امریکہ کی جانب سے فراہم کی جانیوالی نیوکلیئر چھتری کے خاتمے کے لیئے اقدامات کیئے جائیں، ہیروشیما کے میئر تاداتوشی اکیبا نے اپنے بیان میں کہا کہ جاپانی حکومت اپنی قومی پالیسی کے مطابق ملک کے ایٹم بم کی موجودگی سے پاک رکھنے کے لیئے امریکہ کے ساتھ ایٹم بم حملوں کی چھتری کے معاہدے پر نظر ثانی کرے ، انھوں نے کہا کہ عالمی برادری کو ایٹم بم کی تباہی سے ہونے والے نقصان کے بارے میں آگہی فراہم کرنے کے لیئے اقدامات میں اضافے کی ضرورت ہے ، واضح رہے کہ ہیروشیما اور ناگاساکی میں ایٹم بم حملوں کے پینسٹھ برس مکمل ہونے کے حوالے سے ہونے والی دعائیہ تقریب میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون ،کے علاوہ کئی ممالک کے سربراہان مملکت اور امریکہ سمیت کئی ممالک کے سفیر بھی شرکت کریں گے جبکہ لاکھوں جاپانی شہریوں کے علاوہ پوری دنیا میں تقریب کو براہ راست نشر بھی کیا جائے گا۔