5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
نوشہرہ میں پانی کی سطح میں کمی، کوہستان سے سیکڑوں غیر ملکیوں کو نکال لیا گیا
جنگ نیوز -
پشاور…خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں سیلاب کی تباہ کاریوں کے بعد متاثرین ابھی تک حکومتی امداد کے منتظر ہیں۔دوسری طرف کوہستان میں پھنسے سیکڑوں غیر ملکی باشندوں کو نکال لیاگیاہے۔نوشہرہ میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پانی کی سطح کم ہونا شروع ہوگئی ہے۔ضلع میں 7 ریلیف کیمپ قائم کیے گئے ہیں جہاں متاثرین کوپاک فوج کی جانب سے کھانے پینے کی اشیا فراہم کی جارہی ہیں۔ ضلع کوہستان کی وادی کندیا،دبیر،پٹن اور سپٹ میں ہزاروں افراد آج ساتویں روز بھی سرکاری امداد کے منتظر ہیں۔کوہستان کی18یونین کونسل میں مرکزی اور رابطہ سڑکیں اور پل تباہ ہونے کی وجہ سے ان علاقوں میں آمدورفت معطل ہے۔متاثرہ علاقوں میں کھانے پینے کی اشیا اور دواؤں کی شدید قلت ہے ۔ دوسری طرف کوہستان کے مختلف علاقوں میں پھنسے264چینی باشندوں اور آٹھ روز سے داسومیں پھنسے آٹھ جاپانی سیاحوں کو ہیلی کاپٹرز کے ذریعے نکال لیا گیا ہے۔چارسدہ میں آج صبح سے وقفے وقفے سے ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔امدادی کیمپوں میں متاثرین کو خوراک کی کمی کاسامنا ہے ۔متاثرہ علاقوں میں وبائی امراض پھیلنے کا خدشہ ہے ۔انتظامیہ نے دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظر چندہ اکھٹا کرنے کیلئے مختلف سیاسی تنظیموں کی جانب سے لگائے جانیوالے کیمپوں پر پابندی لگادی ہے ۔ڈیرہ اسماعیل خان میں بارش کا پانی پہاڑی علاقوں کولاچی،پروا اور یارک میں داخل ہوگیا ہے ،یہاں بھی متاثرین امداد کے منتظر ہیں ۔