5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما رضا حیدر شہدا قبرستان میں سپرد خاک
جنگ نیوز -
کراچی…متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما رضا حیدر کوشہدا قبرستان یاسین آباد میں سپرد خاک کر دیا گیا۔اس سے پہلے رضا حیدر اور انکے محافظ کی نماز جنازہ جناح گراؤنڈ عزیزآباد میں ادا کی گئی،جس میں متحدہ قومی موومنٹ کے رہنماؤں ، کارکنوں اور شہریوں نے ہزاروں کی تعداد میں شرکت کی۔اس موقع پر رینجرز، پولیس اور ایم کیو ایم کے کارکنوں نے جنازے کی سکیورٹی کے فرائض انجام دیے۔ رکن سندھ اسمبلی رضا حیدراور ان کے محافظ محمد خالد کی نماز جنازہ کے موقع پر ایم کیو ایم کے رہنماؤں سمیت کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی۔ایم کیو ایم کے رکن اسمبلی رضا حیدر کی نماز جنازہ علامہ قاسم رضا جبکہ انکے محافظ محمد خالد کی نماز جنازہ مولوی فیروز الدین رحمانی نے پڑھائی۔ پولیس چیف کراچی وسیم احمد کے مطابق جناح گراؤنڈ کے داخلی راستوں پر10 واک تھرو گیٹس جبکہ وی آئی پیز کیلئے الگ راستہ بنایا گیا تھا۔جناح گراؤنڈ، جلوس کے راستے اور شہدا قبرستان میں کیمرے بھی نصب کیے گئے تھے جبکہ جنازے کی فضائی نگرانی بھی کی گئی۔