5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
بے روزگاری:اوباما کا علامتی اقدام،وفاقی ملازمین کے بونس منجمد
جنگ نیوز -
واشنگٹن…امریکی صدر باراک اوباما نے ملک میں بیروزگاری کی بُلند شرح کو مدنظر رکھتے ہوئے علامتی اقدام کے طور پر سیاسی بنیاد پر مقرر وفاقی ملازمین کے بونس منجمد کردیے۔انتظامیہ کے سینئر حکام کا کہنا ہے کہ صدر کی جانب سے بونس منجمد کرنے سے کم از کم دو ہزار نو سو سیاسی طو ر پر مقرر افراد متاثر ہوں گے۔صدر اوباما کا کہنا ہے کہ یہ بڑھتے ہوئے مالیاتی خسارے پر قابو پانے کی طرف ایک اور قدم ہے۔اوباما نے جنوری دو ہزار نو میں صدارت کا عہدہ سنبھالنے کے بعد وائٹ ہاؤس کے سینئر عہدیداروں کی تنخواہیں منجمد کردی تھیں۔ سیاسی بنیاد پر مختلف وفاقی عہدوں پر تقرری کُل وقتی بیوروکریسی سے الگ کیٹیگری ہے جو امریکی صدر کا صوابدیدی اختیار ہوتا ہے اور نئی انتظامیہ کے آنے پر ان میں ردو بدل ہوتا ہے۔