تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44

پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شہر مفلوج ہو کر رہ گیا،امریکی اخبار

جنگ نیوز -
واشنگٹن/لندن/بیجنگ . . . فارن ڈیسک . . . کراچی میں متحدہ قومی موومنٹ کے رکن صوبائی اسمبلی رضا حیدر کی شہادت کے بعد تشدد اور فائرنگ کے واقعات میں درجنوں افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں، پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی مرکز کراچی مفلوج ہو کر رہ گیا ہے، جب کہ رواں برس سات سو افراد ٹارگٹ کلنگ میں موت کا شکار ہوئے ہیں۔کراچی کے حالات کے بارے دنیا بھر کے اخبارات اور جرائد نے اپنی تفصیلی رپورٹوں میں کہا کہ کراچی میں دہشت گردی کا راج ہے۔ امریکی اخبار’واشنگٹن ٹائمز‘ کے مطابق پاکستا ن کے سب سے بڑے تجارتی شہر کراچی میں رضا حید ر کے قتل کے بعد فائرنگ اور لوٹ مار کے واقعات میں کئی درجن افراد موت کے گھاٹ اتر گئے، جب کہ اخبار کے مطابق متحدہ اور اے این پی ایک دوسرے پر الزام تراشی کر رہی ہیں۔ طالبان کے ہاتھوں اے این پی کے چار سو سے زیادہ ارکان جاں بحق ہو چکے ہیں،جس میں ارکان اسمبلی بھی شامل ہیں۔ادھر اے این پی نے متحدہ کے الزامات کو مسترد کردیا ہے۔امریکی خبر رساں ادارے’اے پی ‘ کے مطابق متحدہ نے اپنی اتحادی جماعت پر انتہا پسندوں کی حمایت کا الزام لگایا ہے ۔چینی خبر رساں ادارے کے مطابق کراچی میں رواں برس جنوری سے اب تک سات سو افراد کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا جا چکا ہے۔امریکی اخبار’کرسچیئن سائنس مانیٹر‘ کے مطابق رواں برس سیاسی اور لسانی بنیادوں پر تین سو افراد کو قتل کر دیا گیا۔امریکی اخبار ’نیو یارک ٹائمز‘ کے مطابق متحدہ کا کہنا ہے کہ گزشتہ تین ہفتوں میں ان کے150کار کنوں کو ہلاک کیا گیا۔برطانوی اخبار’گارجین‘ کے مطابق کراچی کی گلیوں میں اسلحہ بردار دہشت گردی کی کارروائیاں کر رہے ہیں، عمارات اور گاڑیوں کو نذر آتش کیا جا رہا ہے اور تشدد کی اس لہر نے درجنوں افراد کی جان لے لی ہے۔ عالمی نشریاتی اداروں سی این این،بی بی سی،بلوم برگ ،وائس آف امریکا، الجزیرہ ، اور اخبارات میں نیشنل پوسٹ،دی ہندو،عرب نیوز،فنانشل ٹائمز،بزنس ویک اور درجنوں دیگر اخبارات نے کراچی کی بدامنی پر تفصیلی رپورٹیں جاری کی ہیں۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.