5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
بلوچستان کے مختلف اضلاع میں تیز بارشوں کا سلسلہ جاری
جنگ نیوز -
کوئٹہ . . . بلوچستان کے اضلاع کوہلو،نصیر آباد،جعفرآباد سمیت صوبے کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جب کہ جعفر آباد کے علاقے صحبت پور میں مکان کی چھت گرنے سے تین بچے جاں بحق اور ان کے ماں باپ زخمی ہوگئے۔ ضلع کوہلو،نصیر آباد،جعفرآباد ژوب میں بارشوں کا سلسلہ پچھلے کئی گھنٹوں سے جاری ہے۔ طوفانی بارش سے کوہلو شہر اور گرد نواح میں دس دیہات زیر آب آ گئے ہیں جن کے چار سو کے لگ بھگ کچے مکانات مہندم ہوگئے ہیں۔ڈپٹی کمشنر کوہلو نصر اللہ رند نے بتایا کہ کوہلو میں لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا ہے، تاہم ہمارے پاس لوگوں کو امداد دینے کیلئے کوئی سامان نہیں ہے اور اس سلسلہ میں صوبائی حکومت اور پی ڈی ایم اے کو مطلع کردیا گیا ہے ۔کوہلو نصیر آباد،جعفرآباد میں بارشوں سے سیلابی ریلے کی سطح بھی بلند ہورہی ہے۔طوفانی بارشوں سے جعفر آباد کے علاقے صحبت پور میں مکان کی چھت گرنے سے غلام حیدرکے تین بچے جاں بحق ہوگئے جبکہ غلام حیدر اوراس کی اہلیہ زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کیلئے مقامی ہسپتال میں داخل کردیا گیا ہے ۔ ژوب میں بارشوں سے ژوب ڈیرہ اسماعیل خان روڈ 6روز سے بند ہے جس کی وجہ سے وہاں پھلوں سے لدے ہوئے دو سو کے لگ بھگ ٹرک کھڑے ہیں۔ ادھرکوہلو میں شدید بارشوں کے باعث مختلف ڈیموں میں طغیانی کے بعد شہریوں کو محفوط مقامات پر پناہ لینے کے لیے انتظامیہ کی جانب سے ہدایت جاری کردی گئی ہیں ۔ ضلع میں ہنگامی حالت نافذ کردی گئی ہے۔ محکمہ ایریگیشن ذرائع کے مطابق کوہلو میں موسلا دھار بارشوں کے باعث سیلابی پانی نے سبی اور نصیر آباد کے علاقوں کا رخ کرلیا ہے۔