5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
بلوچستان،متحدہ کا طبی امداد کی فراہمی کے لیے کیمپ کا انعقاد
جنگ نیوز -
کوئٹہ . . . متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کی ہدایت پرایم کیوایم کے فلاحی ادارے خدمت خلق فاؤنڈیشن اور میڈیکل ایڈکمیٹی کے زیر اہتمام بلوچستان کی تحصیل نصیر آباد میں طوفانی بارشوں اورسیلاب سے متاثرہ عوام کوطبّی امدادی سہولیات کی فراہمی کیلئے طبّی کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔کراچی سے جاری اعلامیہ کے مطابق ایم کیو ایم کے فلاحی ادارے خدمت خلق فاؤنڈیشن کی جانب سے نصیرآباد منجوں شوری اللہ دینوگوٹھ نصیر آباد میں لگائے گئے طبّی کیمپ میں شعبہ طب سے وابستہ ڈاکٹرز پر مشتمل ماہرین نے مریضوں کا مکمل طبّی معائنہ کیا اورانہیں مفت ادویات فراہم کیں جن میں خواتین،بچے،بزرگ اورنوجوان شامل تھے۔ بلوچستان میں بارشوں اورسیلاب سے متاثرہ عوام کوطبّی سہولیات کی فراہمی کیلئے ایم کیوایم کے طبّی امدادی کیمپ پرعوام خصوصاً خواتین،بچوں اور بزرگوں کا زبردست رش دیکھنے میں آ یا۔