تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44

پنجاب: کئی علاقوں میں سیلاب سے تباہی، مٹھن کوٹ میں بند ٹوٹ گیا

جنگ نیوز -
لاہور . . . پنجاب کے کئی علاقوں میں سیلاب نے تباہی مچادی ہے، مٹھن کوٹ میں حفاظتی بند ٹوٹ گیا،سیلابی ریلا شہر کی طرف بڑھ رہا ہے، جب کہ شہریوں کی محفوظ مقامات پر منتقلی جاری ہے۔ ڈی جی خان سے آٹھ لاکھ کیوسک کا ریلا راجن پور کی طرف تیزی بڑھ رہا ہے، جب کہ مٹھن کوٹ میں حفاظتی بند ٹوٹنے سے پانی کا رخ بابا فرید کے شہر مٹھن کوٹ کی طرف ہے۔ انتظامیہ نے شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایات کردی ہیں جس کے بعد مٹھن کوٹ کا بڑا حصہ خالی ہوگیا ہے اوربڑی تعداد میں لوگ دوسرے شہروں کی جانب نقل مکانی کر رہے ہیں۔ سیلابی ریلا ہفت زبان شاعر حضرت خواجہ فرید کے مزار سے ایک کلو میٹر دور ہے۔انتظامیہ نے خطرے کے پیش نظر مزار کو خالی کروادیا ہے۔دوسری جانب تونسہ شریف اور ڈیرہ غازی خان میں سیلاب میں پھنسے ہوئے افراد حکومتی امداد کے منتظر ہے۔مظفرگڑھ میں بھی دریائے سندھ کا حفاظتی بند ٹوٹنے کے بعد سیلابی پانی مظفر گڑھ کی تحصیل ہیڈ کوارٹر کوٹ ادو میں گذشتہ روز داخل ہو گیا۔ شمالی جانب پانی کا بڑا ریلا شہر کی حدود میں داخل ہونے سے شہریوں کی بڑی تعداد نقل مکانی کرنے پر مجبور ہوگئی ہے۔ ٹی بی لنک کینال ریسٹ ہاؤس اور او جی ڈی سی ایل کے آفس کے ساتھ سیلابی ریلے کا پانی داخل ہوگیا، جب کہ پانی کے باعث ریلوے اسٹیشن کوٹ ادو کی مغربی جانب موجود ملحقہ آبادیاں زیر آب آگئیں۔ اس ریلوے اسٹیشن پر متعدد افراد نے پناہ لے رکھی ہے جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ آئی ایس پی آر ملتان کے مطابق مظفرگڑھ ،دائرہ دین پناہ اور کوٹ ادو میں آرمی کے ہیلی کاپٹر اور کشتیوں کی مدد سے ریسکیو آپریشن جاری ہے جس میں اب تک کئی ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔ادھر ضلع رحیم یار خان میں بھی اونچے درجے کا سیلاب ہے، جہاں سے اس وقت 10لاکھ کیوسک پانی کا ریلا گزر رہا ہے۔ڈی سی او ڈاکٹر احمد جاوید قاضی کے مطابق سیلاب کے باعث 50 سے زائد خالی بستیاں زیر آب آگئی ہیں۔سیلابی ریلا مین بند سے ٹکرا گیا ہے۔ مڈ رانجھا، سموکا، حامد، احسان پور ، بنگلہ دل کشا اور دیگر حساس مقامات پر ہنگامی صورت حال نافذ کردی گئی ہے۔ خانپور کے قریب سیلابی بند ٹوٹنے کے خدشے کے پیش نظر، چاچڑاں شریف شہر خالی کرایا جارہا ہے۔رحیم یار خان کے علاقے رکن پور کے قریب منچن بند میں دو سو فٹ چوڑا شگاف پڑنے سے درجنوں دیہات زیر آب آگئے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.