تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44

پشاور میں خودکش حملہ:کمانڈنٹ ایف سی صفوت غیوراور4محافظ شہید

جنگ نیوز -
پشاور....پشاور کے علاقے صدر میں خودکش حملے میں کمانڈنٹ ایف سی صفوت غیورچارمحافظوں سمیت شہید ہوگئے۔ اطلاعات کے مطابق صدر میں ڈینز ٹریڈ سینٹرکے سامنے ایف سی ہیڈکوارٹر کے قریب ایک موٹرسائیکل سوار خودکش حملہ آور نے صفوت غیور کی گاڑی کواس وقت نشانہ بنایاجب وہ دفتر سے گھر کیلئے روانہ ہورہے تھے۔ایس پی کینٹ نے صفوت غیور کی شہادت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ دھماکے سے ان کے چار محافظ بھی شہید ہوگئے۔ دھماکے میں ایک تین پولیس اہلکاروں سمیت9افراد زخمی ہوگئے ، جنہیں ایل آر ایچ اسپتال منتقل کردیا گیا۔ وقوعہ سے خودکش حملہ آور کا سر بھی مل گیا ہے۔ دھماکے سے قریب موجود دیگر گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔دھماکے کے بعد علاقے میں فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئیں۔ دھماکے کے فوراًبعد پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری جائے وقوع پر پہنچ گئی اور علاقے کو سیل کردیااور شواہد اکٹھے کئے۔ صفوت غیور ایماندار اور نڈر پولیس افسر مانا جاتا تھا، کمانڈنٹ ایف سی کا عہدہ سنبھالنے سے قبل وہ سی سی پی او پشاور تھے اور انہوں نے پشاور میں قیام امن کیلئے اہم کردار ادا کیا، جبکہ وہ تین سال نیشنل پولیس اکیڈمی کے کمانڈنٹ بھی رہے۔ صفوت غیور شہید سابق وزیر داخلہ آفتاب خان شیرپاؤ کے ہم زلف بھی تھے۔ دھماکے کے فوراً بعد سینئر صوبائی وزیر بشیر بلور جائے وقوعہ پرپہنچ گئے۔ اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دھماکا خود کش تھا،تاہم خود کش حملہ آور دو تھے یا ایک ابھی تصدیق نہیں کرسکتے ۔انہوں نے بتایا کہ ٹیکسی میں سوار خود کش حملہ آور نے ایف سی کی گاڑی پر حملہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کو ناکامی ہوئی ہے جس کا بدلہ لے رہے ہیں۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.