5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
کراچی:فائرنگ ،ٹارگٹ کلنگ سے11افراد ہلاک،تعداد73ہوگئی
جنگ نیوز -
کراچی…کراچی میں فائرنگ اور پرتشدد کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے اور بدھ کو مزید11 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ دو خواتین سمیت43 افراد زخمی ہوئے ہیں،پولیس اور رینجرز نے مشترکہ آپریشن کرکے15افراد کو گرفتار کیا ہے اور ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا ہے۔کراچی میں پیر سے جاری پرتشدد کارروائیوں کا سلسلہ بدھ کو بھی جاری رہا شہر کے مختلف علاقے فائرنگ سے گونجتے رہے جبکہ بعض علاقے میدان جنگ بنے رہے ۔ گلبہار میں فائرنگ سے متحدہ قومی موومنٹ کا ذمے دار ارشد حسین زخمی ہوا جسے عباسی شہید اسپتال پہنچا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ ادھر اورنگی ٹاؤن کی اقبال مارکیٹ میں اسٹار گراؤنڈ سے دو افراد کی لاشیں ملی ہیں جنہیں فائرنگ کرکے قتل کیا گیا جبکہ دو افراد کو بخاری کالونی میں نشانہ بنایا گیا ۔ضیا کالونی کورنگی میں بھی نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے3 افراد کو قتل کردیا فائرنگ سے ایک شخص زخمی بھی ہوا جبکہ جناح اسپتال میں بدھ کو لائے گئے18 زخمیوں میں سے ایک عبدالرحمان بھی اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا ، مچھر کالونی اور قصبہ کالونی میں بھی فائرنگ سے دو افراد ہلاک ہوئے۔ جس کے بعد شہر میں پیر سے جاری فائرنگ کے واقعات میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد73 اور زخمیوں کی تعداد200 سے تجاوز کرگئی۔ قطر اسپتال اورنگی میں بدھ کو دو خواتین سمیت25زخمیوں کو لایا گیا ۔ تمام افراد قصبہ کالونی اور علیگڑھ کالونی میں فائرنگ سے زخمی ہوئے جبکہ انہی علاقوں سے17 زخمی جناح اسپتال بھی لے جائے گئے۔ قصبہ کالونی کے مختلف علاقے مسلسل تین روز سے میدان جنگ بنے ہوئے ۔ دو طرفہ فائرنگ کی وجہ سے علاقہ مکین گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے ہیں۔ علاقے میں تین گھروں کو بھی آگ لگادی گئی، پولیس اور رینجرز نے علاقے میں مشترکہ آپریشن کرکے15 افراد کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے جن کے قبضے سے اسلحہ بھی برامد ہوا ہے۔