5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
کراچی میں کشیدگی برقرار،گزشتہپانچ گھنٹوں میں12افراد ہلاک
جنگ نیوز -
کراچی ... کراچی میں کشیدگی برقرار ہے ۔فائرنگ اور پرتشدد واقعات کے دوران گزشتہ5 گھنٹوں میں 12قیمتی جانیں لے لی گئیں جبکہ رات بھر میں شہر کے مختلف علاقوں میں چار مارکیٹوں کو آگ لگادی گئی ۔کراچی میں پیر کی شام سے ہونے والی فائرنگ اور پرتشدد واقعات کا سلسلہ جاری ہے ۔ بدھ کی شام اس میں اچانک اضافہ ہوگیا اندھیرا ہوتے ہی نامعلوم مسلح افراد نے شہر میں موت کا کھیل کھیلنا شروع کردیا شام 7 بجے سے رات بجے کے درمیان کورنگی ، اورنگی، لیاقت آباد، سمن آباد، پیرآباد، بلوچ کالونی، رسالہ ، پاک کالونی اور جوہر موڑ پر فائرنگ کرکے 12 افراد کو قتل کردیا۔ رات 12 بجے کے بعد اچانک امن ہوگیا تاہم جلاؤ گھیراؤ کا سلسلہ جاری رہا ، نامعلوم افراد نے بفرزون میں ارم شاپنگ سینٹر کی پہلی منزل پر واقع قالین اور کپڑے کی12 دکانوں ، پاپوشنگر میں دو کلاتھ مارکیٹس کی ایک درجن سے زائد دکانوں اور پی آئی ڈی سی کے قریب فرنیچر مارکیٹ کی 19 دکانوں کو آگ لگادی گئی ۔ نامعلوم افراد نے لیاقت آباد میں ایک کنٹینر ٹریلر، بفرزون میں ایک ہوٹل سمیت تین دکانوں اور محکمہ موسمیات کے قریب ایک درجن سے زاید ٹھیلوں اور پتھاروں کو بھی نذر آتش کردیا ۔ قصبہ کالونی، علیگڑھ کالونی ،بخاری کالونی اور کٹی پہاڑی کی صورت حال میں بھی کوئی تبدیلی نہیں آئی ۔ یہ علاقے مسلسل میدان جنگ بنے ہوئے ہیں ۔ دو طرفہ فائرنگ کی وجہ سے علاقہ مکین اپنے گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں ۔گھروں میں کھانے پینے کی اشیا ختم ہوگئی ہیں ۔ علاقے میں مسلسل فائرنگ سے بجلی کی تاریں ٹوٹ گئی ہیں اور گھروں میں پانی بھی ختم ہوگیا ہے۔ادھر متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے عوام سے پرامن رہنے کی اپیل کی ہے۔ رابطہ کمیٹی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ عوام اور کارکن صبرو تحمل کا مظاہرہ کریں اور اپنے جذبات قابو میں رکھیں ۔