تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44

سناواں شہر سیلابی ریلے کی لپیٹ میں، گجرات آئل ریفائنری کو خطرہ

جنگ نیوز -
لاہور . . . کوٹ ادو کے بعد سناواں شہر کو بھی سیلابی ریلے نے اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے ۔سیلابی پانی میں ڈوب کر ایک خاتون جاں بحق ہوگئی۔دوسری طرف کوہ سلیمان سے آنے والے برساتی ریلے ڈیرہ غازی خان اور راجن پور کے دیہات میں داخل ہوگئے ہیں ۔مظفر گڑھ کے علاقے کوٹ ادو سے بارہ کلومیٹر پرواقع قصبہ سناواں میں سیلابی ریلا داخل ہونے سے متعدد مکانات گر گئے ۔سناواں اور کوٹ ادو کو ملانے والی رابطہ سڑک زیر آب آنے سے دونوں علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے ۔سناواں کی ملحقہ بستی رحم علی میں خاتون سیلابی پانی میں ڈوب کر ہلاک ہوگئی ۔سناواں سے سیلابی ریلا تیزی سے گجرات کی طرف بڑھ رہا ہے جس سے گجرات میں آئل ریفائنری زیر آب آنے کا خدشہ بڑھ گیا ہے ۔ ادھر کوٹ ادو میں کیپکو پاور پلانٹ کے شمال میں واقع نہر کے پانی میں اضافہ ہورہا ہے ۔دوسری طرف کوٹ ادو کے مغرب میں سیلابی پانی کی سطح بلند ہونے سے لوگ چھتوں اورسرکاری عمارتوں کی چھتوں پر پناہ لینے پرمجبور ہوگئے ہیں ۔جام پور شہر کا 30 فیصد حصہ سیلاب سے متاثر ہوا ہے۔ گرلز کالج ،سمیت سیکڑوں عمارتیں زیر آب آگئی ہیں۔ جبکہ لوگ محفوظ مقامات پر منتقل ہونا شروع ہوگئے ہیں۔رحیم یار خان میں سیلابی ریلے کے سبب چاچڑاں شریف سے اسی فیصد لوگ نقل مکانی کر چکے ہیں۔ پاک فوج کی جانب سے بندوں پر امدادی کاروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔ بریگیڈیر واجد عباس کے مطابق امدادی کارروائیوں کے دوران 25 ہزار افراد کو ریسکیو کیا گیا ہے اور تقریبا 10 ہزار افراد سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں ۔کوہ سلیمان سے آنے والے برساتی ریلے سے ڈیرہ غازی خان اور راجن پور میں 15 سے زائد بستیاں زیر آب آگئی ہیں۔تونسہ شریف میں انڈس ہائی وے بہہ جانے سے ڈی جی خان کا خیبر پختون خوا سے زمینی رابطہ منقطع ہے۔ سخی سرور روڈ بھی کئی مقامات پر برساتی ریلوں سے متاثر ہوا ہے۔راجن پور اور تونسہ میں سیلاب زدگان اب بھی کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.