5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
شہید کمانڈنٹ ایف سی صفوت غیور کے لئے ستارہ شجاعت کا اعلان
جنگ نیوز -
پشاور . . . وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے پشاور میں گزشتہ روز ہونے والے خودکش دھماکے میں شہید ہونے والے کمانڈنٹ ایف سی صفوت غیور کے لئے ستارہ شجاعت کا اعلان کیا ہے۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ صفوت غیور نے اپنی بہادری سے فورس کو ایک نیا حوصلہ دیا ہے۔ وہ پشاور ائرپورٹ پر میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے۔ رحمان ملک کا کہنا تھا کہ دہشت گرد اب سینیئرافسروں اوراعلی شخصیات کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ لیکن دہشت گردی کے خلاف ہماری جنگ جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں ہوں گے۔ یہ کرایے کے قاتل ہیں۔ انہوں نے خیبر پختون خوا پولیس کی تعداد میں اضافہ کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ طالبان کراچی میں پختونوں کا نام استعمال کر رہے ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ غیر ریاستی عناصر ملک میں انارکی پیدا کر رہے ہیں۔ وزیرداخلہ رحمان ملک شہیدایف سی کمانڈنٹ صفوت غیور کے گھرگئے اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر وزیر داخلہ نے صفوت غیور کے بچوں کے لئے اسلام آباد میں حکومت کی جانب سے پلاٹ دینے کا اعلان بھی کیا۔