5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
دریائے سندھ :گدو بیراج سے ملحقہ گاوٴں میں سیلابی ریلا داخل
جنگ نیوز -
حیدر آباد . . . گڈوبیراج میں پانی کے بہاؤ میں مسلسل اضافہ ہورہاہے۔بیراج سے ملحقہ گاؤں میں سیلابی ریلا داخل ہونے سے اسکول ،مسجد اور کئی مکانات زیر آب آگئے ۔ ٹھٹہ میں 94ریلیف کیمپس قائم کردیے گئے ہیں ۔ خیرپورکی تحصیل کنگری میں پانی داخل ہونے سے متعدد لوگ پانی میں پھنس گئے ہیں۔وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ میں سیلابی صورتحال سے نمٹنے کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔ گڈوبیرا ج میں 7 لاکھ چالیس ہزارکیوسک سے زائد پانی کا ریلا گذررہاہے ۔سیلابی ریلے سے درجنوں دیہات زیرآب آگئے ہیں ۔ملحقہ گوٹھ حسن مزاری کا حفاظتی پشتہ ٹوٹنے سے علاقہ زیر آگیا ہے ۔متاثرہ افرادگڈوبیراج کے قریب کھلے آسماں تلے امداد کے منتظر ہیں۔ پاک فوج ،رینجرز اور ضلعی انتظامیہ نے حساس بندوں کی نگرانی بڑھا دی ہے۔وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے گڈوبیراج کا دورہ کیا اس موقع پر انہوں نے کہا کہ سیلابی صورت حال سے نمنٹے کے لیے تیاریاں مکمل ہیں،انہوں نے کہا کہ پولیس اور رینجرز کی نفری بھی سیلاب کے متاثرین کو مدد فراہم کررہے ہیں اور اگر کوئی بند ٹوٹ جائے تو صورت حال خطرناک ہوسکتی ہے۔ سیلاب متاثرین کو مزید1700 ٹنیٹ فراہم کریں گے۔ لاڑکانہ کے علاقوں قمبر ،شہداد کوٹ اور گردونواح میں تیزبارش سے بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا اورنشیبی علاقے زیر آب آگئے۔گڈوبیراج میں سیلاب کے سبب گھوٹکی ،اوباڑوسمیت مختلف علاقوں میں ضلعی انتظامیہ اور آرمی کی مدد سے حفاظتی انتظامات کیے جارہے ہیں۔نوابشاہ کے علاقے سکرنڈ ،قاضی احمد اور دولت پور میں بھی حفاظتی انتظامات کیے جارہے ہیں ۔ایس ایم مڈ بند حساس قراردیے جانے کے بعد بھاری مشینری ،پتھراورعملہ بند پر پہنچا دیا گیاہے۔خیرپور اور گردونواح میں موسلا دھار بارش سے سڑکیں اور نشیبی علاقے زیر آب آگئے ہیں ۔نصیرفقیر جلالانی کے علاقے میں پہاڑوں سے برساتی ریلے گرنے سے سیلاب آگیا ہے ۔تحصیل کنگری میں جمشید لوپ تک پانی آجانے کے سبب بند کو نقصان پہنچ رہاہے اورپانی میں پھنسے ہوئے لوگوں کو پاک فوج کے اہلکارریسکیوکرنے میں مصروف ہیں۔ادھر کوٹری بیراج میں بھی پانی کی سطح بڑھنا شروع ہوگئی ہے ۔ٹھٹہ میں منارکی اورسرجانی بند پر پانی کا دباؤ بڑھ رہا ہے ۔انتظامیہ نے یہاں 94ریلیف کیمپ قائم کیے ہیں متحدہ قومی موومنٹ کے ارکان صوبائی اسمبلی سہیل یوسف اور ہیر سوہونے سرجانی بنداورمنارکی بند کے حساس مقامات کا دورہ کیااورانہیں مضبوط کرنے کی ہدایت کی۔