5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
ضمنی انتخاب:بعض مقامات پر تصادم کے بعد پولنگ میں تعطل
جنگ نیوز -
سرگودھا . . . سرگودھا، گوجرانوالا اور لودھراں میں قومی اسمبلی کی نشستوں کے لئے ضمنی انتخابات جاری ہیں۔۔تینوں اضلاع میں پولنگ کے دوران امن و امان قائم رکھنے کے لئے پولیس کے ساتھ رینجرز کے اہلکار بھی تعینات کیے گئے ہیں۔گوجرانوالہ کے حلقہ این اے 100 میں اصل مقابلہ پیپلز پارٹی کے چوہدری تصدق مسعود تنکی اور مسلم لیگ ن کے اظہر قیوم نارا کے درمیان جاری ہے ۔پولنگ اسٹیشن کوٹ لدھا میں دو مخالف پولنگ ایجنٹس آپس میں لڑ کر زخمی ہوگئے پولیس نے ان سے اسلحہ بھی برآمد کیا۔پولنگ اسیٹشن ودوھن میں جعلی ووٹ کاسٹ کرنے کے دوران ایک خاتون کو حراست میں لے لیاگیا۔ادھر پولنگ اسٹیشن شمسہ ڈھڈا میں دو گروپوں میں ووٹ ڈالنے کے معاملے پر تصادم کے بعد چھ افراد کو گرفتارکرلیاگیا۔ن اے 155 لودھراں میں 2 لاکھ 72 ہزار 48 ووٹرز کے لیے 312 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں جبکہ اس حلقے میں پیپلز پارٹی کے نواب حیات اللہ ترین اور 8 آزاد امیدوار مد مقابل ہیں۔دنیا پور کے چک نمبر 233 میں پولنگ اسٹیشن کے باہر آزاد امیدوار اختر خان کانجو کے حامیوں کی ہوائی فائرنگ کی وجہ سے دس منٹ کے لئے پولنگ کو دس منٹ کے لئے روکا گیا جس کے بعد دوبارہ پولنگ کا عمل شروع کردیاگیا۔ سرگودھا کے حلقہ این 68 میں مسلم لیگ ن کے امیدوار سردار شفقت حیات بلوچ اور آزاد امیدوار میاں مظہر احمد قریشی کے درمیان مقابلہ ہے ۔مختلف پولنگ اسٹیشنز سیلاب سے متاثر تھے جہاں پولنگ کا عملہ تاخیر سے پہنچا۔تینوں حلقوں میں ضمنی انتخابات کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لئے پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات ہیں۔