5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
سرگودھا، گوجرانوالااور لودھراں میں ضمنی الیکشن،پولنگ ختم،نتائج کی آمد شروع
جنگ نیوز -
سرگودھا/گوجرانوالا…سرگودھا، گوجرانوالااور لودھراں میں قومی اسمبلی کی نشستوں کے لئے ضمنی انتخابات کے لئے پولنگ ختم ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتیکے بعد نتائج کا عمل شروع ہو گیا ہے ۔پولنگ کے دوران گوجرانوالہ کے حلقہ این اے 100 میں۔پولنگ اسٹیشن کوٹ لدھا میں دو مخالف پولنگ ایجنٹس آپس میں لڑ کر زخمی ہوگئے پولیس نے ان سے اسلحہ بھی برآمد کیا۔پولنگ اسیٹشن ودوھن میں جعلی ووٹ کاسٹ کرنے کے دوران ایک خاتون کو حراست میں لے لیاگیا۔ادھر پولنگ اسٹیشن شمسہ ڈھڈا میں دو گروپوں میں ووٹ ڈالنے کے معاملے پر تصادم کے بعد چھ افراد کو گرفتارکرلیاگیا۔جبکہ پولنگ اسٹیشن منڈیالہ میں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے کارکنوں میں تصادم کے دوران چار افراد زخمی بھی ہوئے۔اس حلقے میں 3 لاکھ 29 ہزار 285 ووٹرز کے لیے 227 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے تھے۔این اے 155 لودھراں میں 2 لاکھ 72 ہزار 48 ووٹرز کے لیے 312 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے تھے ۔دنیا پور کے چک نمبر 233 میں پولنگ اسٹیشن کے باہر آزاد امیدوار اختر خان کانجو کے حامیوں کی ہوائی فائرنگ کی وجہ سے دس منٹ کے لئے پولنگ کو روکا گیا جس کے بعد دوبارہ پولنگ کا عمل شروع کردیاگیا۔سرگودھا کے حلقہ این 68 میں مختلف پولنگ اسٹیشنز سیلاب سے متاثر تھے جہاں پولنگ کا عملہ تاخیر سے پہنچا۔ پولنگ سے ایک گھنٹے قبل ہونے والی بارش کے باعث عارضی خیموں میں بنائے گئے پولنگ اسٹیشن ہنگامی طور پر مساجد ،اسکول وٹنری اسپتالوں اور دیگر سرکاری عمارتوں میں منتقل کر دیئے گئے تھے دور دراز کے پولنگ اسٹیشنوں پر بارش کے باعث پولنگ عملے کے دیر سے پہنچنے کی شکایات بھی موصول ہوئی۔اس حلقہ میں ووٹرز کی کل تعداد 3 لاکھ 83 ہزار 743 ہے جبکہ 306 پولنگ اسٹیشنز قائم کیئے گئے تھے۔