تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44

صدر کے دوروں پر تشویش نہیں ہونی چاہیے ،وزیراعظم

جنگ نیوز -
اسلام آباد…وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ملک کے چیف ایگزیکٹو وہ ہیں اور حکومت وہ چلا رہے ہیں اسلئے کسی کو صدر زرداری کے بیرو ن ملک دورے سے تشویش نہیں ہونی چاہیے۔وزیر اعظم نے کہا کہ وہ جعلی ڈگری کی حمایت نہیں کرتے۔اسلام آباد میں44 ویں فزیشن اینڈ سرجنز کانووکیشن سے خطاب کے بعد میڈیا سے بات چیت کے دوران وزیر اعظم نے کہا کہ میاں نواز شریف نے ان کے ساتھ مل کر جمہوریت کی بالا دستی کیلئے جدو جہد کی ہے اور اب اٹھارویں ترمیم کے بعد چیف ایگزیکٹو وہ ہیں ،صوبوں کے چیف ایگزیکٹو وزیر اعلیٰ ہیں اور تمام لوگ ملک میں موجود ہیں اس لیے صدر زرداری کے دورے کی فکر نہیں ہونی چاہیے۔وزیر اعظم نے کہا کہ صدر زرداری کی شخصیت ہی ایسی ہے کہ اگر ان کے بیرون ملک دورے کا ایشو نہ ہوتا تو کوئی اور بات ہو جاتی کیوں کہ دوستوں کو ان سے خاص محبت ہے۔انہوں نے کہا کہ ایچ ای سی کے چیئرمین اور وفاقی وزیر تعلیم کو جعلی ڈگری معاملے پر قواعد کے مطابق کاروائی کرنے کی ہدایات کی ہیں۔ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ میانوالی میں جعلی کیمپ کے بارے این ڈی ایم اے کے چیئرمین کو جیو سے رابطہ کر کے رپورٹ پیش کرنے اور وضاحت کی ہدایات دی ہیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کے بارے اعلیٰ سطحی تحقیقات کی رپورٹ سامنے آنے کے بعد بات کی جائے گی۔وزیر اعظم نے کہا کہ ملک کو ٹارگٹ کلنگ،دہشت گردی اور قدرتی آفات کے چیلنجز کا سامنا ہے۔دہشت گردی کے بارے اپوزیشن کی تجویز پر ہوم ورک مکمل کرنے کے بعد کانفرنس بلائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ سیلاب پر عالمی سطح پر مثبت رد عمل ملا اور ہم تنہا نہیں ہیں۔ایک سوال پر وزیر اعظم نے کہا کہ انہیں تو صرف دو سال ہوئے ہیں ،سابقہ ادوار میں نو سال میں بڑے ڈیمز بنانے کے سنہری مواقع ضائع کر دئیے گئے۔اس سے قبل کانووکیشن سے خطاب میں وزیر اعظم نے کہا کہ جمہوری حکومت نے صحت کے بارے پالیسی بنا لی ہے۔انہوں نے فزیشن اور سرجن پر زور دیا کہ عوام کی زندگیوں میں بہتر تبدیلیاں لانے میں وہ کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ حکومت ملک کو درپیش چیلنجزپر قابو پانے کا عزم رکھتی ہے۔وزیر اعظم نے اس موقع پر پوزیشنیں لینے والے ڈاکٹرز میں میڈلز بھی تقسیم کئے۔


متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.