تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44

سرگودھا، گوجرانوالااور لودھراں میں ضمنی انتخابات،پولنگ ختم

جنگ نیوز -
سرگودھا…سرگودھا، گوجرانوالااور لودھراں میں قومی اسمبلی کی نشستوں کیلئے ضمنی انتخابات کیلئے پولنگ کا عمل مکمل ہوگیا ہے۔تینوں اضلاع میں پولنگ کے دوران امن و امان قائم رکھنے کیلئے پولیس کیساتھ رینجرز کے اہلکار بھی تعینات کئے گئے تھے۔گوجرانوالہ کے حلقہ این اے100 میں پولنگ اسٹیشن کوٹ لدھا میں دو مخالف پولنگ ایجنٹس آپس میں لڑ کر زخمی ہوگئے پولیس نے ان سے اسلحہ بھی برآمد کیا۔پولنگ اسٹیشن ودوھن میں جعلی ووٹ کاسٹ کرنے کے دوران ایک خاتون کو حراست میں لے لیاگیا۔ادھر پولنگ اسٹیشن شمسہ ڈھڈا میں دو گروپوں میں ووٹ ڈالنے کے معاملے پر تصادم کے بعد چھ افراد کو گرفتارکرلیاگیا۔جبکہ پولنگ اسٹیشن منڈیالہ میں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے کارکنوں میں تصادم کے دوران چار افراد زخمی بھی ہوئے۔اس حلقے میں3 لاکھ29 ہزار285 ووٹرز کیلئے 227 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے تھے۔این اے155 لودھراں میں2 لاکھ72 ہزار48 ووٹرز کے لیے312 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے تھے ۔دنیا پور کے چک نمبر233 میں پولنگ اسٹیشن کے باہر آزاد امیدوار اختر خان کانجو کے حامیوں کی ہوائی فائرنگ کی وجہ سے دس منٹ کیلئے پولنگ کو روکا گیا جس کے بعد دوبارہ پولنگ کا عمل شروع کردیاگیا۔سرگودھا کے حلقہ این68 میں مختلف پولنگ اسٹیشنز سیلاب سے متاثر تھے جہاں پولنگ کا عملہ تاخیر سے پہنچا۔ پولنگ سے ایک گھنٹے قبل ہونے والی بارش کے باعث عارضی خیموں میں بنائے گئے پولنگ اسٹیشن ہنگامی طور پر مساجد ،اسکول وٹنری اسپتالوں اور دیگر سرکاری عمارتوں میں منتقل کر دیئے گئے تھے ۔دور دراز کے پولنگ اسٹیشنوں پر بارش کے باعث پولنگ عملے کے دیر سے پہنچنے کی شکایات بھی موصول ہوئی۔اس حلقہ میں ووٹرز کی کل تعداد3 لاکھ83 ہزار743 ہے جبکہ306 پولنگ اسٹیشنز قائم کیئے گئے تھے۔


متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.