5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
سیلاب سے خیبر پختونخوا میں42 لاکھ افراد متاثر ہوئے ،میاں افتخار
جنگ نیوز -
پشاور…وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ سیلاب اور بارشوں سے خیبر پختونخوا سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے ، بین الاقوامی قوتوں کے علاوہ دیگر صوبوں کو بھی چاہیے کہ اس مشکل گھڑی میں ہمارا ساتھ دیں۔پشاور میں پریس کانفرنس کے دوران میاں افتخار حسین نے کہا کہ بارشوں اور سیلاب سے خیبر پختونخوا میں42 لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں۔ اوراب تک847 افراد جاں بحق اور 832 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ7 لاکھ20 ہزار608 افراد بے گھر ،468 دیہات اور5 لاکھ90 ہزار712 خاندان متاثر ہوئے ہیں. وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہزارہ ڈویژن ے مطابق ہزارہ ڈویژن میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد170 ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع چارسدہ میں24 جبکہ پشاور میں12 میڈیکل ٹیمیں لوگوں کو طبی سہولیات مہیا کر رہی ہیں۔ میاں افتخار حسین نے کہا کہ خوازہ خیلہ تا کالام ہیلی سروس مسلسل جاری ہے جس میں ایک طرف سے غذائی اور غیر غذائی اجناس پہنچائے جاتے ہیں جبکہ دوسری جانب واپسی پر پھنسے ہوئے لوگوں کو بھی نکالا جا رہا ہے۔