5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
شہادتوں کے باوجود تحریک کا تسلسل برقرار ہے، اے پی ایم ایس او
جنگ نیوز -
کراچی…آل پاکستان متحدہ اسٹوڈینٹس آرگنائزیشن کے وائس چیئر مین سید طاہر حسین نے کہا ہے کہ غریب و متوسط طبقے کو انکے جائز حقوق دلانے کے لیے جو بیج اس شہر ِ قائد میں بویا گیا تھا اس کی فصل شہرقائد کے کونے کونے میں کاٹی گئی لیکن اسی بیج کے نتیجے میں حاصل ہونے والی فصل کے توسط سے متحدہ قومی موومنٹ اِس ملک کی تیسری بڑی جماعت کے طور پر اُبھر کرسامنے آئی ہے جس کے لیے ہمیں فخر ہے کہ اے پی ایم ایس او اِس کی بنیاد ہے ۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے لال قلعہ گراوٴنڈ عزیز آباد میں منعقدہ اے پی ایم ایس او کے جنرل ورکرز اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انھوں نے کہا کہ ساتھیوں احساس ِ ذمہ داری کے بغیر وفا بے معنی ہے اورجب تک احساس نہ ہوگا تب تک ہم منزل تک پہنچنا تودور منزل کے راستے کی دھول تک بھی نہیں پہنچ سکیں گے، ہمیں قائد تحریک الطاف حسین کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے خود احتسابی کے عمل سے خود کو گزارنا ہوگااور نظم و ضبط کے اصولوں کو اپنا نصب العین بناکرتحریک کے تقاضوں کو پورا کرنا ہوگا تب ہی ہم اچھی اولاد ،اچھا طالبِ علم اور الطاف حسین کا سچا وفادارکارکن بن سکتے ہیں۔ سیکریٹری جنرل فرحان شمس نے کہا کہ ساتھیو ہمیں بحیثیت اولاد ، طالب علم اور کارکن اپنے والدین ، اساتذہ اور قائدِ تحریک کی اُمیدوں پر پورا اترنا ہوگااوراپنے عمل و کردار سے تحریک کی جانب سے دی گئی ذمہ داری کا مان رکھنا ہوگا۔انھوں نے کارکنان پر زور دیا کہ وہ اپنی صفوں میں تنظیمی نظم و ضبط کا بھرپور خیال رکھیں اور تحریک کی دی گئی ہدایات کے مطابق قائد تحریک کا دستِ بازو بنیں۔جوائنٹ سیکریٹری توصیف اعجاز نے کہا کہ تحریک کو گزشتہ تین دہائیوں سے بہت سے مصائب و مشکلات اور شہادتوں کا سامنا کرنا پڑا ہے لیکن اس کے باوجود بھی اسکی کامیابیوں اور خدمت الناس کا تسلسل برقرار ہے اور وہ وقت دور نہیں جب قائد تحریک کی رہنمائی میں ہم منزل تک پہنچنے میں ضرور کامیاب ہوں گے۔اس موقع پر اے پی ایم ایس او کی وائس چیئرپرسن اسرٰی طفیل و مرکزی کابینہ کے اراکین سمیت کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی۔