5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
قاتلوں کی عدم گرفتاری پر ایم کیو ایم کے سینیٹرز کا سینیٹ سے واک آؤٹ
جنگ نیوز -
اسلام آباد…اے این پی اور جے یو آئی(ف) کے سینیٹرز نے مطالبہ کیا ہے کہ قیام امن کیلئے کراچی کو دو ماہ کیلئے فوج کے حوالے کردیا جائے، جبکہ سینیٹ میں قائد ایوان نے واضح کیا ہے کہ صوبائی حکومت کے مطالبے کے بغیر کراچی میں فوج نہیں بھیجی جا سکتی۔ ڈپٹی چیئرمین جان محمد جمالی کی صدارت میں ہونیوالے سینیٹ اجلاس کے دوران کراچی کے حالات پر بحث کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے سینیٹر طاہر مشہدی کاکہناتھاکہ کراچی میں ان کے شہریوں کوقتل کیاجارہاہے، رضا حیدر کے قاتلوں کو گرفتار نہہونے پر انہوں نے اجلاس سے واک آوٹ کیا، ان کی جماعت کے دیگرسینیٹرزنے بھی ان کاساتھ دیا۔ مسلم لیگ ق کے محمد علی درانی نے کہا کہ حکومتی پارٹیاں کراچی میں امن ریلی نکالیں ورنہ سمجھا جائے گا کہ وہ خود قتل عام کر رہی ہیں ۔ اے این پی کے الیاس بلور کا کہنا تھا کہ کراچی میں جب تک فوج نہیں بھیجی جاتی ، حالات اچھے نہیں ہوں گے۔ وفاقی وزیر اعظم سواتی نے کہا کہ کراچی میں پولیس اور رینجرز ناکام ہو گئی ہیں۔