5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
دریائے سندھ :گڈو بیراج پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب
جنگ نیوز -
کراچی …دریائے سندھ میں انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے۔ گڈو بیراج کے مقام پر اس وقت9 لاکھ62 ہزار کیوسک کا سیلابی ریلا گزر رہا ہے۔ دریائے سندھ کی سطح مسلسل بلند ہونے سے گھوٹکی میں قادر پور لوپ بند ،کشمور میں کے کے بند ،توڑی بند ،لاڑکانہ میں عاقل آگانی بند،نصرت لوپ بند اور خیرپور میں فریدآباد بند اور الراجاگیر بند پر پانی کے دباؤ میں شدت آگئی ہے۔ملک کے بالائی علاقوں سے آنے والا سیلابی ریلا گڈوبیراج کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کے سیلاب میں تبدیل ہوچکا ہے۔تمام حساس بندوں پر ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔گڈو بیراج پر اس وقت9 لاکھ62کیوسک سے زائد سیلابی ریلا گزر رہا ہے،جبکہ سکھر بیراج کیلئے گڈو بیراج سے9 لاکھ62 ہزار کیوسک پانی چھوڑا جا رہا ہے۔دریائے سندھ میں قادر پور لوپ بند پر پانی کا دباؤ مسلسل برھ رہا ہے۔تاہم پاک فوج رینجرز اور محکمہ آب پاشی کے اہلکاروں نے فوری طور پر اس بند کو مضبوط کرنے کیلئے کام شروع کردیا ہے ۔سکھر بیراج پر پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ جاری ہے۔یہاں پانی کی بالائی سطح6 لاکھ کیوسک سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ یہاں سے کوٹری بیراج کیلئے پونے6 لاکھ کیوسک پانی چھوڑا ہے۔لاڑکانہ میں آج کسی بھی وقت7 لاکھ80 ہزار کیوسک کا سیلابی ریلا گزرے گا۔ جہاں نصرت اور عاقل آگانی لوپ بند پر پاک فوج کے جوانوں نے پشتوں کی سخت نگرانی شروع کردی ہے جبکہ کچے کے بیشتر علاقوں سے لوگوں کی محفوظ مقامات کی جانب نقل مکانی جاری ہے۔خیرپور اور اور گردونواح میں آج دوسرے روز بھی گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی جس کے باعث نشیبی علاقے اور سڑکیں زیر آب آگئی۔بارش کی وجہ سے کچے علاقے جمشید لوپ بند ،فریدآباد، الراجاگیر بند ،کیٹی میرمحمد اور ساجد کلہوڑو کے علاقوں میں پھنسے ہوئے افراد کو ممکنہ سیلاب کے پیش نظر محفوظ مقامات پر پہنچانے کے کام میں سخت مشکلات کا سامنا ہے۔تاہم پاک فوج کے جوان ان کو ریسکیو کرنے میں کوشاں ہیں۔محکمہ آبپاشی حکام کے مطابق دریائے سندھ کی سطح مسلسل بلند ہونے سے گھوٹکی میں قادر پور لوپ بند ،کشمور میں کے کے بند ،توڑی بند ،لاڑکانہ میں عاقل آگانی بند،نصرت لوپ بند اور خیرپور میں فریدآباد بند اور الراجاگیر بند پر پانی کے دباؤ میں شدت آگئی ہے جن کی سخت نگرانی کی جارہی ہے۔