5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
مظفرگڑھ: سیلابی پانی پاور پلانٹ میں داخل،مزید درجنوں بستیاں زیر آب
جنگ نیوز -
مظفرگڑھ … سیلابی پانی قصبہ گجرات کی جانب تیز ی سے بڑھ رہا ہے اورپانی اے ای ایس پاور پلانٹ لعل پیر میں داخل ہوگیاہے۔دریائے سندھ کا سیلابی پانی قصبہ گجرات کی جانب تیز ی سے بڑھ رہا ہے اورپانی720 میگا واٹ بجلی تیار کرنیوالے اے ای ایس پاور پلانٹ لعل پیر میں داخل ہوگیا ہے۔تاہم پاور پلانٹ کو گزشتہ روز سے ہی بند کردیاگیا تھا۔ریسکیو1122 کی جانب سے قصبہ گجرات کے نواحی علاقوں میں ریسکیو آپریشن شروع کردیاگیا ہے جبکہ نواحی علاقہ بلو بلوچ میں50 افراد کے محصور ہونے کی اطلاعات ہیں جہاں ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ قصبہ گجرات کے نواحی علاقے غریب آباد ،جہانیاں اور گلاں پیر سمیت کئی دیہات زیر آب آگئے ہیں ۔سیلابی پانی کی وجہ سے زمینی رابطے منقطع ہونے کے باعث کوٹ ادو،دائرہ دین پنا اور احسان پور سمیت متعدد علاقوں میں غذائی قلت پیدا ہوگئی ہے۔ادھر رحیم یارخان میں یونین کونسل راجن پور کلاں کے علاقے میں60 سے زائد بستیاں زیر آب آگئی ہیں ،متعدد مویشی ہلاک اور سیکڑوں لوگ سیلابی ریلے میں پھنس گئے ہیں ۔امدادی کارروائیوں کے دوران6کشتیاں خراب ہوگئیں۔ڈی سی او ڈاکٹر احمد جاوید قاضی کے مطابق1500 افراد امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں ۔ضلع راجن پور کے علاقوں سے بھی متاثرہ افراد کو نکالنے کا کام جاری ہے۔محکمہ آب پاشی حکام کے مطابق ضلع رحیم یار خان میں سیلاب کے باعث6 ہزار سے زائد چھوٹی بڑی بستیاں زیرآب آچکی ہیں چاچڑاں کے مقام پر پشتے پختہ کئے جارہے ہیں۔ کوہ سلیمان سے مزید سیلابی ریلے تونسہ شریف ،درہ سنگڑھ ،وہوا اور کوڑہ میں داخل ہوگئے ہیں جبکہ ڈیرہ غازی خان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ہزاروں متاثرین آج پانچویں روز بھی کھلے آسمان تلے امداد کے منتظر ہیں۔