5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
وزیرتعلیم نے قائمہ کمیٹی کے خلاف ریفرنس اسپیکر قومی اسمبلی کو بھجوادیا
جنگ نیوز -
اسلام آباد…وفاقی وزیر تعلیم سردار آصف احمد علی نے کہا ہے کہ انہوں نے پارلیمنٹیرینز کی تعلیمی ڈگریوں کے معاملے میں چیئرمین قائمہ کمیٹی تعلیم عابد شیر کیخلاف ایک ریفرنس ، اسپیکر قومی اسمبلی کو بھیج دیا ہے تاکہ کمیٹی کے مینڈیٹ کا تعین کیا جاسکے۔سردار آصف احمد علی نے اسلام آباد میں جامعہ قائداعظم کی ایک تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ قائمہ کمیٹی کو حکم دینے کا نہیں بلکہ صرف سفارش کرنے کا مینڈیٹ حاصل ہے اور اسپیکر کو بھیجے گئے ریفرنس میں کہا گیا ہے کہ اس حوالے سے رولنگ دی جائے کہ قائمہ کمیٹی کا اصل مینڈیٹ کیا ہے۔ وزیرتعلیم نے کہا کہ چیئرمین کمیٹی عابد شیر علی کو پریس کانفرنس کرنے کی بجائے الیکشن کمیشن کے پاس جانا چاہئے تھا ، تعلیمی ڈگریوں پر کھلے عام اعلانات سے کچھ بے گناہوں کی تذلیل بھی ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈگریوں کی تصدیق کا معاملہ سیدھا چل رہا ہے ، مڈٹرم الیکشن کیلئے حالات ہیں نہ ہی اس کی ضرورت یا امکان موجود ہیں۔ وزیرتعلیم نے کہا کہ ایک خاص طبقہ ، ہر چیز کو سیاست زدہ کرنا چاہتا ہے اور پنجاب میں الیکشن کے مفاد کی خاطر دہشت گردوں کو چھوڑ دیا گیاہے۔