5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
کراچی میں مزید 7افراد کی ٹارگٹ کلنگ، قصبہ کالونی میں کشیدگی برقرار
جنگ نیوز -
کراچی…کراچی کے مختلف علاقوں میں گذشتہ رات سے اب تک فائرنگ کے واقعات میں7افراد جاں بحق ہوگئے ہیں،جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 92 ہوگئی ہے۔شہر قائد میں پیر کے روز سے شروع ہونیوالے فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں92 افراد جاں بحق اور230سے زائد زخمی ہوچکے ہیں،جبکہ گذشتہ رات بھی بلدیہ ٹاؤن کے علاقے اتحاد ٹاؤن میں شرپسندوں نے ٹوتھ پیسٹ بنانے والی ایک فیکٹری،رئیس امروہوی سوسائٹی اور بلدیہ ٹاؤن میں متعدد مکانات،فیڈرل بی ایریا بلاک17میں کولڈڈرنک کی دکان کو بھی نذر آتش کردیا،گذشتہ رات ہلاکتوں کے واقعات بلدیہ ٹاؤن،مچھر کالونی،کورنگی سو کوارٹر،عید گاہ ،ابراہیم حیدری اور اورنگی ٹاؤن میں پیش آئے،جبکہ قصبہ کالونی ،اورنگی ٹاؤن ، پیر آباد، علی گڑھ بازار اورکٹی پہاڑی کے مختلف علاقوں میں کشیدگی کا سلسلہ چوتھے روز بھی برقرار ہے،متاثرہ علاقوں معمولات زندگی آج بھی شروع نہیں ہوسکے ہیں،جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ بھی نہیں چل سکی ہے،متاثرہ علاقوں میں دکانیں اور کاروباری مراکز بند ہیں۔علاقہ مکینوں نے جیو نیوز سے بذریعہ ٹیلی فون گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ غذائی اجناس اور پینے کا پانی بھی ختم ہوگیا ہے۔لہذاحکومت اور قانون نافذ کرنیوالے ادارے فوری طور پر کشیدہ صورتحال پر قابو پانے کیلئے اقدامات کرے۔