5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
رحمان نے متحدہ اور اے این پی کو ایک میزپر بیٹھا دیا
جنگ نیوز -
کراچی…مفاہمت کے جادوگر رحمان ملک ایک بار پھر ناراض اتحادیوں ایم کیوایم اور اے این پی سندھ کو میز پر بیٹھانے میں کامیاب ہوگئے تاہم بند کمرے میں ہونے والے مذاکرات کو میڈیا سے پوشیدہ رکھا گیا۔کراچی میں نیشنل ڈیزاسٹرمنیجمنٹ سیل کے دفتر میں وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک کی زیر صدارت ایم کیو ایم اور اے این پی کا اجلاس ہواجس میں ایم کیو ایم کی جانب سے اراکین رابطہ کمیٹی رضا ہارون،واسع جلیل، کنور نوید جمیل اور حماد صدیقی جبکہ اے این پی کی جانب سے افراسیاب خٹک، امین خٹک، بشیر جان اور رانا گل آفریدی شریک تھے۔اجلاس کے بعد مختصر مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا جو وفاقی وزیر داخلہ نے میڈیا کو پڑھ کر سنایا۔ رحمان ملک کا کہنا تھا کہ اجلاس نہایت خوشگوار ماحول میں ہوا،،اور تینوں اتحادی جماعتیں کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کے خاتمے کے لئے متحد ہیں۔ رحمان ملک نے شہر میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری کے لئے الطاف حسین اور اسفندیار ولی کے کردار کو بھی سراہا۔