5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
سیلاب نے 5 سال قبل کے زلزلے سے زیادہ تباہی مچائی، جنر ل ندیم
جنگ نیوز -
اسلام آباد…وزیرمملکت برائے اطلاعات و نشریات صمصام بخاری نے کہاہے کہ اس وقت گڈوبیراج سے پانی کا بڑا ریلا جبکہ سکھر بیراج سے سات لاکھ20ہزار کیوسک پانی گزررہا ہے، جس میں اضافے کی اطلاعات ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ یہ سیلاب سال2005کے زلزلہ سے بڑی آفت ہے۔اسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس میں این ڈی ایم اے کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ ندیم احمد کے ساتھ انہوں نے بتایا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں خیبرپختونخواہ میں اب تک949لوگ جاں بحق ہوچکے ہیں،جبکہ پنجاب اور سندھ میں ہونے والی اموات کی تفصیلات ابھی سامنے آرہی ہیں،انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی برادی اس حوالے سے حکومت کی مدد کررہی ہے اور قطر حکومت نے ایک ملین ڈالر مدد دینے کا اعلان کیا ہے،جبکہ برطانیہ نے تباہ ہونے والے پلوں کی دوبارہ تعمیر کے لیے10ملین پاؤنڈ دینے کا اعلان کیا ہے این ڈی ایم اے کے چیئرمین نے بتایا کہ اس سیلاب کی وجہ سے12ملین لوگ متاثر ہوئے ہیں جبکہ اربوں روپے کے نقصانات کی اطلاعات ہیں،اس موقع پر موجود ڈی جی میٹ ڈاکٹر قمرالزمان نے کہا کہ آئندہ48گھنٹوں میں بارشوں کا ایک نیا سسٹم سندھ اور بالائی پنجاب میں بارشیں برسانے کے لیے داخل ہوگا۔