5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
ٹارگٹ کلنگ کرنیوالے ملک کیلئے خطرہ بن چکے ہیں،وزیر اعظم
جنگ نیوز -
کراچی…وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے سیلاب کے منفی اثرات سے نمٹنے کے لیے عالمی برادری سے مدد کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیلاب زدگان سے اظہار یکجہتی کے لیے ملک بھر میں14 اگست سادگی سے منائی جائے،انہوں نے کہا کہ ٹارگٹ کلنگ کرنیوالے وطن کیلئے خطرہ بن چکے ہیں۔ کراچی میں قوم سے خطاب کے دوران وزیر اعظم گیلانی کا کہنا تھا کہ سیلاب زدگان کی مدد کے لیے مخیر حضرات اور نجی شعبہ بڑھ چڑھ کر حصہ لے۔ انہوں نے فوج کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ فوج نے سیلاب زدگان کے لیے بے تحاشہ کام کیا ہے، سیلاب زدگان کی بحالی اور آباد کاری حکومت کی اولین ترجیح ہے، وزیر اعظم نے کہا کہ سیلاب زدگان سے اظہار یکجہتی کے لیے ملک بھر میں14 اگست سادگی سے منائی جائے۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو نقصان پہنچانے والی کوششیں جتنی سرگرم آج ہیں پہلے کبھی نہ تھیں۔ رضا حیدر کے قتل نے کراچی کو اندھیروں میں ڈبو دیا۔قانون شکنوں سے کسی رعایت کے قائل نہیں، ٹارگٹ کلنگ اور دہشت گردی کرنے والے وطن کے لیے خطرہ بن چکے ہیں ، وزیر اعظم نے سیاسی جماعتوں سے اپیل کی کہ ملک کے وسیع تر مفاد میں سیاسی اختلافات بھلا دیئے جائیں، سب لوگوں کو سیلاب زدگان کی مدد کے لیے ایک ہوجانا چاہیے ۔