5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
محمداکرم قائمخانی اور الطاف قاضی کے قتل کانوٹس لیاجائے،رابطہ کمیٹی
جنگ نیوز -
کراچی…متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے اعظم قائمخانی نامی جرائم پیشہ منشیات فروش شخص کی جانب سے ٹنڈوالہیارزون یونٹ4-Aکے یونٹ انچارج انورقائمخانی کے بڑے بھائی محمداکرم قائمخانی کو فائرنگ کرکے قتل کرنے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔رابطہ کمیٹی نے کہاکہ اعظم قائمخانی نامی جرائم پیشہ شخص کومقامی پولیس کی مکمل سرپرستی حاصل ہے جواس سے قبل بھی ایم کیوایم کے زونل آفس پرفائرنگ کرچکا ہے۔رابطہ کمیٹی نے انور قائمخانی سمیت مقتول کے تمام سوگوارلواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کا اظہارکرتے ہوئے انہیں صبرکی تلقین کی ۔رابطہ کمیٹی نے وزیراعلیٰ سندھ سیدقائم علی شاہ اورصوبائی وزیر داخلہ ڈاکٹرذوالفقارمرزاسے مطالبہ کیاکہ محمداکرم کے قتل کانوٹس لیاجائے اوراس واردات میں ملوث اعظم قائمخانی کوفی الفورگرفتارکرکے قانون کے مطابق سزادی جائے ۔دریں اثناء ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی نے ایم کیوایم آگرہ تاج کالونی سیکٹرکے کارکن سہیل قاضی کے بڑے بھائی الطاف قاضی کی لیاری گینگ وارکے دہشت گردوں کے ہاتھوں اغواء کے بعدقتل کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ لینڈوڈرگ مافیااوران کے سرپرست جرائم پیشہ عناصر ایک منظم سازش کے تحت مسلسل ایم کیوایم کے کارکنان ،ان کے اہلخانہ اورہمدردوں کودہشت گردی اورٹارگٹ کلنگ کانشانہ بنارہے ہیں،الطاف قاضی کااغواء کے بعدبہیمانہ قتل بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔رابطہ کمیٹی نے الطاف قاضی کے سوگوارلواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہارکرتے ہوئے انہیں صبرکی تلقین کی اوردعاکی کہ اللہ تعالیٰ الطاف قاضی کواپنی جواررحمت میں اعلیٰ مقام عطافرمائے اورسوگواران صبرجمیل عطاکرے۔رابطہ کمیٹی نے صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم یوسف رضاگیلانی ، وزیرداخلہ رحمن ملک اور وزیراعلیٰ قائم علی شاہ سے مطالبہ کیاہے کہ لیاری گینگ وارکے دہشت گردوں کے ہاتھوں الطاف قاضی کے بہیمانہ قتل کاسختی سے نوٹس لیاجائے اورقتل میں ملوث ملزمان کوگرفتارکرکے عبرتنا ک سزادی جائے۔یاد رہے کہ الطاف قاضی گزشتہ رات اپنی رہائشگاہ واقع گلی نمبر5تاج مسجدروڈغوثیہ اپارٹمنٹ آگرہ تاج کالونی کے باہرکھڑے تھے کہ لیاری گینگ وارکے دہشت گردوں نے اغواء کرلیااورنامعلوم مقام پرلیجاکربہیمانہ تشددکانشانہ بنانے کے بعدبے دردی سے قتل کردیا،الطاف قاضی کی لاش صبح 6بجے لی مارکیٹ سے ملی۔مرحوم کی عمر42سال تھی اوران کے پسماندگان میں بیوہ،دوبیٹیاں شامل ہیں۔