تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44

ہیڈ خانکی،آج تین لاکھ70ہزار کیوسک کا ریلا گزرے گا

جنگ نیوز -
رحیم یار خان…پنجاب بھر میں سیلاب سے صورت حال انتہائی خراب ہوگئی ہے ،متاثرین حکومتی اقدامات سے نالاں نظر آتے ہیں، دوسری طرف چاچڑاں شریف کے مقام پر 12لاکھ کیوسک کا انتہائی اونچے درجے کا سیلابی ریلا گزر رہا ہے۔چاچڑاں شریف کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے۔ڈی سی او رحیم یار خان ڈاکٹر احمد جاوید قاضی کے مطابق چاچڑاں کے مقام سے 12 لاکھ کیوسک کا سیلابی ریلا گزر رہا ہے جب کہ پاک فوج امدادی کاموں میں مصروف ہے۔دوسری جانب ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سیلاب سے راجن پور کلاں ،آباد پور اور احسان پور کی سینکڑوں چھوٹی بڑی بستیاں زیر آب آگئی ہیں، جب کہ ضلع رحیم یار خان کے 7 حساس مقامات مڈ رانجھا، احسان پور،بنگلا دلکشا، بنگلااچھا اور بنگلی سمکا کے مقامات پر سیلابی پانی کا شدید دباؤ ہے۔جھنگ میں تریمو ہیڈورکس کے مقام پر پانی کا اخراج 2 لاکھ 70 ہزار کیوسک ہے اور پانی کی سطح میں اضافہ ہورہا ہے۔دریائے جہلم اور چناب میں آنے والے سیلابی ریلے سے جھنگ کی چار تحصیلوں میں اب تک 180دیہات زیر آب آچکے ہیں۔ ڈیڑھ ایکڑ رقبے پر کھڑی فصلیں تباہ اورمکانات گر گئے ۔انتظامیہ کے مطابق سیلابی پانی میں پھنسے ڈھائی ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے۔جام پور کی ڈیرھ لاکھ سے زائد آبادی آج تیسرے روز بھی سیلابی پانی میں گھری ہوئی ہے۔اب تک ریسکیو1122 کے عملے نے پھنسے ہوئے صرف 6 سو افراد کو نکالا ہے ہزاروں افراد تاحال سیلابی پانی میں حکومتی امداد کے منتظر ہیں۔۔دوسری جانب برصغیر کے ممتاز روحانی شخصیت اور ہفت زباں شاعر حضرت خواجہ غلام فرید کا شہر کوٹ مٹھن مرکزی حفاظتی بند ٹوٹنے کے بعد تقریباً مکمل زیر آب زیر آگیا ہے اور خواجہ فرید کے دربار سے سیلابی ریلا چند سو گز کے فاصلے پر ہے۔ادھر تونسہ شریف اور ڈیرہ غازی خان میں غذائی اجناس اور امدادی سامان نہ پہنچنے کے سبب متاثرین کو مشکلات کا سامنا ہے ۔دریائے چناب میں ہیڈمرالہ اور ہیڈ خانکی کے مقامات پر اونچے درجے کا سیلاب ہے۔محکمہ آب پاشی حکام کا کہنا ہے کہ آج کسی بھی وقت ہیڈ خانکی کے مقام سے 3 لاکھ کیوسک کا سیلابی ریلا گزرے گا جس کے قادر آباد پہنچنے پر30سے زائد دیہات زیر آنے کا خدشہ ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.