5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
ترکی:حکومت کیخلاف سازش،102افسران کے وارنٹ گرفتاری منسوخ
جنگ نیوز -
انقرہ…ترکی کی عدالت نے حکومت کا تختہ الٹنے کی مبینہ سازش میں ملوث جرنیلوں سمیت ایک سو دو افسران کے وارنٹِ گرفتاری منسوخ کردیے۔سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق استنبول کی عدالت نے اِن افسران کے وکلا کی جانب سے دائر درخواست کو منظور کرتے ہوئے گرفتاری کے وارنٹ منسوخ کیے۔آرمی کے پچیس حاضر سروس جرنیلوں اور نیوی کے ایڈمرلز سمیت ایک سو دو ملزمان کی گرفتاری کیلئے وارنٹ گزشتہ ماہ جاری کیے گئے تھے۔ اِن افسران پر الزام ہے کہ انھوں نے دو ہزار تین میں موجودہ حکمراں جماعت جسٹس اینڈ ڈیولپمنٹ پارٹی کا تختہ الٹنے کی سازش کی تھی۔سازش میں ایک سو چھیانوے افراد کو ملزم قراردیا گیا ہے جس کے مبینہ ماسٹر مائنڈ سابق آرمی کمانڈر جنرل دوگان کو پچھلے ماہ گرفتار کیا گیا تھا۔ تاہم انہوں نے حکومت کے خلاف بغاوت کی سازش کے الزام کی تردید کی ہے۔