5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
شاہد نے ’موسم‘ میں ائر فورس افسر کے کردار کے لیے جہاز اڑایا
جنگ نیوز -
ممبئی…سینٹرل مانیٹرنگ…بالی ووڈ فلموں میں کردار میں حقیقت کا رنگ بھرنے کے لیے نت نئے تجربے کرنے اور انداز اپنانے کا رجحان دن بدن فروغ پارہا ہے جس کی تازہ ترین مثال بالی ووڈ کے چاکلیٹی ہیرو شاہد کپور نے پیش کی ہے۔اپنے والد پنکج کپور کی فلم موسم میں ائر فورس آفیسر کا کردار نبھانے والے شاہد کپور نے اسکاٹ لینڈ کے دارالحکومت ایڈنبرا کے نزدیک رائل ائر فورس بیس پر جنگی طیارہ ٹارنیڈو اڑایا۔حقیقی طور پر طیارے کی اڑان کا سین عکس بند کرنے کے لیے آدھا دن لگا جبکہ جنگی طیارے کی غیر ممنوعہ علاقے میں اڑان بھرنے کے لیے خصوصی اجازت نامہ بڑی مشکلوں سے حاصل کیا گیا۔واضح رہے کہ یہ بھارتی سینما کی تاریخ میں پہلی بار ہوا ہے جب کسی ہیرو نے حقیقتاً ہوائی جہاز اڑایا اور فلم کے اندرونی ذرائع تاحال اس ریکارڈ کو ظاہر نہیں کررہے ہیں تاہم یہ حقیقت ہے کہ شاہد کپوربھارت میں ہوائی جہاز اڑانے کے لیے خفیہ فضائی تربیت حاصل کررہے تھے۔